قائمہ کمیٹی کوپی ٹی اے حکام کی سپیس ایکس کے سٹار لنک ٹیکنالوجی پروگرام پر بریفنگ

Dec 27, 2022


اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے  اجلاس میں پی ٹی اے حکام نے پاکستان میں سپیس ایکس کے سٹار لنک ٹیکنالوجی پروگرام کے حوالے سے بریفنگ دی۔ حکام نے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی ابھی ابتدائی مراحل میں ہے۔ سکیورٹی خدشات کے باعث مزید  پیشرفت ممکن نہیں ہو سکی۔ سینیٹر افنان اللہ خان نے کہاکہ دور دراز علاقوں میں انٹرنیٹ سروسز فراہم کرنے کے لیے یہ ایک بہترین ٹیکنالوجی ہے اور محض سکیورٹی خدشات کی بنا پر اس کو روکنا مناسب نہیں۔ چیئرمین کمیٹی نے سکیورٹی خدشات اور رکاوٹیں دور کرنے کے لیے ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی  جو تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ بیٹھ کر معاملات طے کر کے رپورٹ پیش کرے گی۔ یونیورسل سروسز فنڈ کی جانب سے کم ترقی یافتہ علاقہ جات خصوصا بلوچستان  میں وائس اور ڈیٹا سروس کی بہتری کے منصوبہ جات پر کمیٹی کو بریفنگ دی گئی۔ کمیٹی چیئرمین نے ورچوئل یونیورسٹی میں ڈائریکٹر ایسٹبلشمنٹ کی آسامی سے غیر قانونی طور پر ہٹائے گئے افسران کے معاملے پر انسانی ہمدردی کے تحت غور کرنے کی ہدایت کی۔ سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی وٹیلی کمیونیکیشن کا اجلاس سینیٹر کہدہ بابر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ چیئرمین کمیٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موبائل انٹرنیٹ سروس میسر نہیں ہے۔ 
قائمہ کمیٹی 

مزیدخبریں