کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن کو نیا خط لکھے جانے کے بعد شہر قائد میں بلدیاتی الیکشن ساتویں مرتبہ ملتوی ہونے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن کو ایک اور خط ارسال کردیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ بلدیاتی حلقہ بندی میں درستگی اور تبدیلی کے لیے ایم کیو ایم نے خط لکھا ہے،خط میں بلدیاتی حلقہ بندی میں تبدیلی کے لیے سپریم کورٹ میں دائر پٹیشن کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔صوبائی الیکشن کمشنر کو لکھے گئے خط میں بلدیاتی حلقہ بندی میں تبدیلی، قانونی نکات پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ کی آرا ءبھی شامل کی گئی ہیں، جس کی وجہ سے کراچی میں بلدیاتی حلقہ بندی میں تبدیلی کا امکان ہے اور بلدیاتی انتخابات ایک بار پھر ملتوی ہونے کا خدشہ ہے۔سندھ حکومت کی جانب سے لکھے گئے خط پر الیکشن کمیشن فیصلہ کرے گا۔ واضح رہے کہ کراچی ڈویژن میں بلدیاتی الیکشن 15جنوری کو شیڈول ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایڈووکیٹ جنرل سندھ کی آرا ءاور عدالتی فیصلوں کی روشنی میں حلقہ بندیاں ازسرنو ہوسکتی ہیں۔
الیکشن کمیشن کو نیا خط
سندھ کا الیکشن کمشن کو نیا خط،بلدیاتی انتخابات التوا کا پھر امکان
Dec 27, 2022