راولپنڈی (آئی این پی ) سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپریل مئی میں الیکشن نہ ہوئے تو ملک کے معاشی حالات مزید خراب ہو جائیں گے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر صرف چھ ارب ڈالر رہ گئے، آئی ایم ایف کی چھتری بھی موجود نہیں ہے، ملک میں دہشتگردی کی لہر ہے،آٹے کی قیمتیں بھی دو گنا ہو چکی ہیں لیکن پھر بھی سناٹا ہے، اللہ رحم کرے۔ شیخ رشید نے سوال کیا کہ دوائیوں کی قلت، خام مال نایاب، ٹیکسٹائل بند، کیا یہ ہے تبدیلی؟ اسلام آباد بلدیہ سے بھاگنے والے ملک میں خاک الیکشن کروائیں گے، جوان دفاع وطن پر جانیں نچھاور کر رہے ہیں، حکمران آنکھ مچولی کھیل رہے ہیں۔ سربراہ عوامی مسلم لیگ کا مزید کہنا تھا کہ ہائی کورٹ نے جب سے توشہ خانہ کی تفصیلات مانگی ہیں حکومت کیس سے بھاگ گئی ہے، سیاست اور معیشت دونوں تباہ ہیں، سارے ہتھکنڈے عمران خان کاراستہ روکنے کیلئے ہیں، غریب پر سخت سردی میں لنڈا بازار کے دروازے بند اور کفن دفن کے پیسے بھی نہیں ہیں۔
شیخ رشید
سیاست اور معیشت دونوں تباہ، اللہ رحم کرے: شیخ رشید
Dec 27, 2022