کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر میر چنگیز خان جمالی، جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ، سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ جمہوریت اور ملک میں عوام کی حکمرانی کےلئے قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو، محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے ہمیشہ آئین، پارلیمنٹ، جمہوریت کی بالادستی کی جدوجہد اور آمریت کی مخالفت کی پیپلز پارٹی کا ہر جیالہ اپنی قیادت کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مر مٹنے کےلئے تیار ہے ،شہید بے نظیر بھٹو سمیت سانحہ لیاقت باغ کے شہداءکو خراج عقید ت پیش کرتے ہیں۔یہ بات انہوں نے بے نظیر بھٹو شہید کی 15ویں برسی پر اپنے ایک بیان میں کہی۔انہوں نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو کشمیریوں، خواتین، کسانوں، نوجوانوں، مزدوروں کے حقوق کے لیے لڑتی رہیں۔آج بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری پارٹی قائدین ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کے علم کو بلند کرکے چل رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آج نوڈیرو اور گڑھی خدا بخش جاکر بینظیر بھٹو اور شہداءکو خراج عقیدت پیش کرینگے،انہوں نے کہاکہ آج اگر شہید بے نظیر بھٹو زندہ ہوتیں تو ملک میں صورتحال یکسر مختلف ہوتی ۔انہوں نے کہا آئندہ عام انتخابات میں ملک میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہوگی‘ پارٹی انشاءاللہ عوام کو مایوس نہیں کریگی ۔
چنگیز خان جمالی
جمہوریت کیلئے پیپلز پارٹی کی تاریخ قربانیوں سے بھری ہے،میرچنگیزخان جمالی
Dec 27, 2022