جمہوریت بہترین انتقام کا نعرہ لگاکر ملک کو بچایا، نثار کھوڑو 


لاڑکانہ(بیورورپورٹ) پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ عمران خان محب وطن شخص نہیں اور نہ ان کے میں ایجنڈے میں جمہوریت اور پاکستان ہے، وہ تحریک طالبات پاکستان، دہشتگردوں کے حامی اور مودی سے یاری نبھاتے ہوئے تحریک طالبان پاکستان اور دیگر دہشتگردوں کی کارروائیوں پر خاموش ہیں، اقتدار چھیننے کے بعد اسمبلیوں اور دیگر کو قربانی کا بکرہ بنانے چاہتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنی رہائشگاہ پر شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 15 ویں برسی کے موقع پر پارٹی رہنماو¿ں اور کارکنان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان اگر جمہوریت کے حامی ہوتے تو وہ خود اور پی ٹی آئی ممبران سے اسمبلیوں سے استعفیٰ نہ دلواتے اور اب کمزور ہونے پر ق لیگ کو آئندہ انتخابات میں شراکت دار بنانے کے لیے مذاکرات کرکے ان کے ساتھ انتخابی اتحاد چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ بہتر تعلقات کے دعوے کرنے والے عمران خان پاکستان میں دہشتگرد کارروائیوں پر خاموش کردار ادا کرکے دہشتگردوں کے خلاف ایک بھی لفظ بولنے کے لیے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا قتل عوام کی آواز کو دبانے اور جمہوریت کے خلاف سازش تھی لیکن ہم نے جمہوریت بہترین انتقام ہے کا نعرہ لگاکر ملک اور جمہوریت کو بچایا، انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے سانحہ کی جائے واردات کو دھوکر صاف کیا گیا اور آمر پرویز مشرف نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو سیکیورٹی فراہم نہیں کی جس کے لیے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے سانحے میں آمر پرویز مشرف کو بھی ملک واپس لاکر انہیں بھی شامل تفتیش کیا جائے۔
 نثار کھوڑو

ای پیپر دی نیشن