کراچی (اسٹاف رپورٹر )ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ جاتی سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے محکمے میں زیر التواء سن کوٹے کے کیسز جلد از جلد ارسال کریں، متوفی کوٹے پر ملازمت کی فراہمی کے لئے تشکیل دی گئی کمیٹی تمام پیش کردہ کیسز کا بغور جائزہ لینے کے بعد اپنی تجاویز دے تاکہ اس سلسلے میں ضروری اقدامات کئے جاسکیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی میں دوران ملازمت وفات پانے والے ملازمین کے کوٹے پر متوفی ملازمین کے اہل خانہ میں سے کسی ایک فرد کو ملازمت کی فراہمی کے لئے مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق عمل کیا جائے، یہ بات انہوں نے سن کوٹے کے کیسز پر کارروائی کے سلسلے میں محکمہ ایچ آر ایم کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہی، ایڈمنسٹریٹر کراچی کی ہدایت کے مطابق متعلقہ محکمے کی جانب سے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تمام محکموں سے متوفی کوٹے کے زیر التواء کیسز سات یوم کے اندر طلب کرلئے گئے ہیں جبکہ متوفی ملازم کی فیملی سے ملازمت کے امیدوار کے انٹرویو 3جنوری کو ہوں گے تاکہ اس مقصد کے تحت تشکیل دی گئی کمیٹی تمام کیسز کا بغور جائزہ لینے کے بعد قواعد و ضوابط کے مطابق اپنی تجاویز پیش کرے اور ان کی روشنی میں ضروری اقدامات کئے جاسکیں، متوفی کوٹے کے کیسز کا جائزہ لینے کے لئے قائم کردہ محکمہ جاتی اسکرونٹی کمیٹی کا اجلاس ڈائریکٹر پے رول بلدیہ عظمیٰ کراچی کی صدارت میں پے رول ڈپارٹمنٹ میں منعقد ہوگا جس میں متوفی کوٹے کے سلسلے میں پیش کئے گئے تمام کیسز کی مکمل جانچ کرنے کے بعد اس کی رپورٹ متعلقہ حکام کو ارسال کی جائے گی، محکمہ جاتی کمیٹی کے دیگر ارکان میں مشیر قانون بلدیہ عظمیٰ کراچی، ڈائریکٹر انٹرنل آڈٹ بلدیہ عظمیٰ کراچی اور ایڈیشنل ڈائریکٹر فنانس اینڈ اکائونٹس بلدیہ عظمیٰ کراچی شامل ہیں۔
بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تمام محکموں سے سن کوٹہ زیر التواء کیسز سات یوم کے اندر طلب
Dec 27, 2022