بمباری 10یوکرائنی شہری ہلاک :روسی بیسن پر ڈرون حملہ 3فوجی مارئے گئے

Dec 27, 2022

کیف؍ ماسکو (این این آئی+ آئی این پی) یوکرائن میں روس کے فضائی حملوں میں تیزی آ گئی، جس کے نتیجے میں 10افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ان تازہ حملوں میں خیرسون کی رہائشی اور انتظامی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، جو اب کھنڈرات کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ یوکرینی صدر کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقے میں فوجی تنصیبات نہیں تھیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تصاویر میں خستہ حال عمارتوں کے ساتھ گاڑیوں کو لگی آگ کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ روس کی وزارت دفاع نے پیر کے روز تصدیق کی ہے کہ روسی علاقے سراتوف میں اینگلز ایئر بیس پر ڈرون حملے میں روس کے 3 فوجی مارے گئے۔ وزارت دفاع نے کہا کہ اینگلز ایئر بیس کے فضائی دفاع نے حملہ کرنے سے پہلے ڈرون کو مار گرایا اور ایئر بیس پر موجود فضائی دفاعی ساز و سامان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ یوکرینی اور روسی میڈیا نے اطلاع دی  روسی فضائیہ کے اڈے اینگلز پر دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جو یوکرائن میں اگلے مورچوں سے سینکڑوں میل کے فاصلے پر واقع ہے۔ مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کے کرسمس کے موقع پر  پیغام کی مزید تفصیلات کے مطابق انہوں نے  یوکرائن میں جنگ اور دیگر تنازعات کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا امن کے قحط سے دوچار ہے۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اس دن کو محض چھٹی کے دن کی رونقوں سے بڑھ کر دیکھیں اور آرام اور کھانے کے منتظر بے گھر، تارکین وطن، پناہ گزینوں اور غریبوں کی مدد کریں۔ انہوں نے ہزاروں لوگوں کے مجمع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’آئیے ہم اپنے یوکرینی بھائیوں اور بہنوں کے چہرے بھی دیکھیں جو 10 ماہ طویل جنگ کے نتیجے میں ہونے والی تباہی کے سبب اپنے گھروں سے دور اندھیرے اور سردی میں کرسمس گزار رہے ہیں‘۔ خداوند ہمیں ان تمام لوگوں کی مدد کے لیے یکجہتی کے مظاہرے کی ترغیب دے جو مصیبت میں ہیں، خدا ان لوگوں کی سوچ کو وسعت دے جو ہتھیاروں کی گھن گرج کو خاموش کرنے اور اس بے معنٰی جنگ کو فوری طور پر ختم کرنے کی طاقت رکھتے ہیں‘۔ پوپ فرانسس نے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان مذاکرات کی بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’موجودہ دور میں امن کے شدید قحط کا سامنا ہے‘۔

مزیدخبریں