امریکا میں برف باری کے بدترین طوفان سے مختلف حادثات میں ہونے والی اموات کی تعداد 60 تک جا پہنچی ہے۔ سب سے زیادہ متاثرہ ریاست نیویارک کے شہر بفیلو میں ہلاکتوں کی تعداد 28 ہوگئی۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق طوفان کے باعث اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جس کے بعد صدر جو بائیڈن نے نیویارک میں وفاقی ایمرجنسی کا اعلان کردیا۔امریکی میڈیا کے مطابق ریاست نیویارک کے مغربی علاقوں میں برف میں دبی گاڑیوں، برف کے ڈھیروں اور مکانات میں پھنسے افراد کی تلاش جاری ہے۔ریاست نیویارک کے شہر بفیلو میں منگل کی دوپہر تک خراب موسم اور مزید 7 انچ برف پڑنے کا امکان ہے۔ خراب موسم کے باعث ملک میں منگل کی صبح 2900 پروازیں منسوخ ہوئیں۔