لاہور+ اسلام آباد (نامہ نگار + نمائندہ خصوصی+نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی 16 ویں برسی آج ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے آج 27 دسمبر کو بے نظیر بھٹو کی برسی پر صوبے بھر میں تعطیل کا اعلان کردیا۔ نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے تعطیل کی منظوری دیدی۔ جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔ برسی کی تقریبات کا آغاز آج صبح لاڑکانہ میں فاتحہ اور قرآن خوانی سے ہو گا۔ ملک کے مختلف حصوں سے آنے والے کارکن بینظیر بھٹو کے مزار پر چادریں چڑھائیں گے اور فاتحہ خوانی کریں گے۔ دوپہر ایک بجے عام لنگر تقسیم کیا جائے گا۔ دو بجے دوپہر برسی کے مرکزی جلسے کا آغاز محفل مشاعرہ سے ہو گا جبکہ 4 بجے جلسے سے مرکزی رہنما خطاب کریں گے۔ پانچ بجے کے قریب بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے جبکہ شام 7 بجے برسی کی تقریبات کا اختتام ہو گا۔ گڑھی خدا بخش میں منعقدہ تقریب کے جلسہ سے پارٹی چئیرمین بلاول بھٹو زرداری، سابق صدر آصف علی زرداری، چاروں صوبوں کے پارٹی صدور سمیت پارٹی کے مرکزی عہدیداران خطاب کریں گے اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے کارناموں سمیت ان کی ملکی و سیاسی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کریں گے۔ علاوہ ازیں ملک کے مختلف حصوں میں اجتماعات ہوں گے۔ شہید قائد کو کارکن خراج عقیدت پیش کریں گے۔ سب سے بڑا اجتماع گڑھی خدا بخش سندھ میں ہوگا۔ پی پی پی کارکن راولپنڈی لیاقت باغ میں بے نظیر بھٹو کی جائے شہادت پر حاضری دیں گے۔ سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز سید نیر حسین بخاری نے کہا کہ 27 دسمبر ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔ بے نظیر بھٹو کی شہادت پاکستان کے روشن مستقبل کا قتل ہے۔ سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے بینظیر بھٹو کے یوم شہادت پر پیغام میں کہا کہ محترمہ کے مشن کے مطابق آزاد اور خودمختار پاکستان، بااختیار پارلیمنٹ اور آئین کی حکمرانی کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا ملک سے غربت، بیروزگاری اور معاشی بدحالی کا خاتمہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا مشن تھا۔ اس مشن کی تکمیل پاکستان پیپلزپارٹی کی پہلی ترجیح ہے۔ بینظیر بھٹو نے زندگی بھر خوف اور دہشت کی مزاحمت کا پرچم مضبوطی سے تھام کر رکھا۔ سابق صدر نے کہا محترمہ کی فلاسفی تھی کہ مزدور اور کسان خوشحال ہوگا تو پاکستان خوشحال ہوگا۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اسلامی دنیا کی پہلی جمہوری طور منتخب خاتون وزیر اعظم اور دنیا کی ممتاز لیڈر شہید بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے "دختر مشرق" نہ صرف ایک تاریخی شخصیت بلکہ ایک زندہ تحریک اور مشعلِ راہ ہیں۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی حب الوطنی، پائیدار جدوجہد اور ثابت قدم قیادت کے نقوش پاکستانی قوم کے دل و دماغ میں ہمیشہ انمٹ رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا پیپلز پارٹی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے اس خواب کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے پرعزم ہے کہ پاکستان ایک خوشحال، ترقی پسند، مساوات پر مبنی اور مضبوط جمہوری وفاقی ریاست کے طور پر دنیا کے لیے اعلیٰ مثال ہو۔