اسرائیل سے ایک ٹرک میں 80 فلسطینیوں کی لاشیں برآمد کی گئیں۔غزہ میں اسرائیل کے بھیانک جرائم جاری ہیں اور میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ اسرائیل سے ایک ٹرک میں 80 فلسطینیوں کی لاشیں جنوبی غزہ لائی گئیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق 80 فلسطینیوں کی لاشوں کی غزہ کے علاقے رفح میں اجتماعی تدفین کر دی گئی۔فلسطینی حکام کا کہنا ہےکہ لاشوں کی بے حرمتی کی گئی، لاشوں سے اعضا بھی چرائے گئے جبکہ لاشیں کن فلسطینیوں کی ہیں اور یہ سب لوگ کیسے مرے، اس بارے میں کچھ بھی نہیں بتایا گیا۔دوسری جانب غزہ کے رہائشی علاقوں پر گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی فوج نے 100 سے زائد حملے کرکے مزید 240 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔ خان یونس میں بے گھر فلسطینیوں کی پناہ گاہ فلسطینی ہلال احمر کے ہیڈکوارٹر پر بھی بمباری کی گئی، اسرائیلی بمباری سے ہلال احمر ہیڈکوارٹرز میں متعدد شہادتوں کی بھی اطلاعات ملی ہیں۔اس کے علاوہ اسرائیلی جارحانہ حملوں کے ردعمل میں فلسطینی مزاحمت تنظیم حماس کے جوابی وار بھی جاری ہیں، اسرائیلی فوج نے مزید 2 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی۔واضح رہے 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی وحشیانہ بمباری سے 20 ہزار 977 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جبکہ 54 ہزار 536 افراد زخمی ہوئے ہیں، شہدا اور زخمیوں میں نصف سے زائد تعداد صرف بچوں اور خواتین پر مشتمل ہے۔
اسرائیل سے ٹرک میں 80 فلسطینیوں کی لاشیں برآمد، اعضا بھی چرا لیے گئے
Dec 27, 2023 | 14:36