لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تجارتی وفود کا تبادلہ باہمی تجارت کے فروغ میں بہت مددگار ثابت ہوسکتا ہے لہذا دونوں ملکوں کو اس جانب خاص توجہ دینی چاہیے۔ یہ بات لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر عرفان اقبال شیخ اور نائب صدر میا ں ابوذر شاد نے نیوزی لینڈ میں پاکستانی ہائی کمشنر زہرہ اکبری سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ملاقات کے موقع پر کہی۔ لاہور چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر عبدالباسط اور ایگزیکٹو کمیٹی رکن میاں زاہد جاوید بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صنعت کاروں نے کہا کہ لائیوسٹاک، ڈیری اور زراعت کے شعبوں میں مشترکہ منصوبہ سازی کی وسیع گنجائش موجود ہے ، ان شعبوں میں نیوزی لینڈ کی مہارت پاکستان کے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے۔ زہرہ اکبری نے کہا کہ پاکستانی تاجر برادری کو صرف یورپین یونین اور امریکی مارکیٹ پر انحصار کرنے کے بجائے دیگر ممالک کی مارکیٹوں میں جگہ بنانے پر بھی توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تجارت کا موجودہ حجم 150ملین ڈالر کے لگ بھگ ہے جو پوٹینشل کی مناسبت سے بہت کم ہے۔
”پاکستانی تاجر یورپی، امریکی مارکیٹوں کی بجائے دیگر ملکوں میں جگہ بنائیں“
Feb 27, 2013