اسلا م آباد (آن لائن) صحافتی تنظیموں کا دعویٰ ہے کہ پاکستان کے صوبے بلوچستان میں پچھلے چار سال میں کم سے کم 30 صحافی مارے گئے ہیں۔ پاکستان میں صحافت جان جوکھوں کا کام ہے۔ یونیسکو کی ایک حالیہ رپورٹ میں میکسکیو کے بعد پاکستان کو دنیا میں صحافیوں کے لئے دوسرا خطرناک ملک قرار دیا گیا۔ میڈیا رپورٹ سافما کے مطابق سال 2011ءمیں جنوبی ایشیا میں کل 17 صحافی مارے گئے جن میں سے 12 کا تعلق پاکستان سے ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کا دعویٰ ہے کہ سال 2001ءسے دہشت گردی کے خلاف جاری عالمی جنگ میں اب تک پاکستان میں 90 صحافی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کے دوران اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔ ماہرین کے خیال میں بلوچستان اس وقت صحافیوں کے لئے سب سے خطرناک مقام میں بدل چکا ہے۔