لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چینی قیادت نے پاکستان سے لازوال دوستی کے دیرینہ رشتوں کو مستحکم کرنے کیلئے اقتصادی اور معاشی خوشحالی کے نئے در کھول دیئے ہیں۔ چینی سرمایہ کاری سے توانائی کے بحران پر قابو پانے کے علاوہ اقتصادی ترقی کے نئے باب رقم ہوں گے اور بڑی تعداد میں روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ پاکستان کے عوام چین کی پرخلوص دوستی اور تعاون کے اس جذبے کے معترف ہیں اورحکومت چین کی بے مثال ترقی کو مشعل راہ بنا کر پاکستان میں ترقیاتی انقلاب برپاکرنے کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرے گی۔ یہ بات انہوں نے گذشتہ روز چین کے سفیر سن ویڈانگ سے گفتگوکرتے ہوئے کہی جنہوں نے اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی ۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ چین کی سیاسی قیادت اور چینی عوام پاکستان کے ساتھ انتہائی مخلص ہیںاور چین کے تعاون سے جس طرح اس سے قبل وزیر اعظم محمد نواز شریف کی سربراہی میںکئی عظیم منصوبوںکو کامیابی کے ساتھ مکمل کیا گیاہے اسی طرح حالیہ تجارتی معاہدوں کے تحت نئے منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچاکرباہمی تعلقات کو مزید فروغ دیا جا رہا ہے۔ اعلی سطح پر تواترکے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں کے نتیجے میں دونوں ملکوںکے مابین قائم گہرے دوستانہ اور ہر آزمائش پر پورے اترنے والے دوستی اور تعاون کے مضبوط بندھن سے" پاک چین دوستی" کے نئے عہد کا آغاز ہو رہا ہے۔ چین نے پنجاب میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے اورحکومت کی طرف سے بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ پاکستان میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے عوامی جمہوریہ چین کے مالی اورفنی تعاون سے نئے منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں جن کی تکمیل سے پاکستان میں بجلی کی پیداوار میںنمایاں اضافہ ہو گا انہوںنے کہا کہ چینی کمپنیوںکے لئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کے لئے بڑی تعداد میں چینی کمپنیاں پاکستان کا رخ کر رہی ہیں،اس رجحان کو دیکھتے ہوئے دونوںملکوں کے درمیان تجارتی حجم میںاضافے کے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ شہباز شریف نے پاکستان میں متعین چین کے سفیر سے باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کے دوران صدر مملکت ممنون حسین کے ہمراہ ان کے دورے چین کے موقع پر چینی رہنماؤں کی طرف سے پرتپاک خیر مقدم اور چینی سرمایہ کار کمپنیوں کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے منصوبوں میں گہری دلچسپی پرشکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ دونوں ملکوں کے عوام میں ایک دوسرے کے لئے محبت اور باہمی احترام کے جذبے موجزن ہیں۔ پاکستان کو چین کی دوستی پر فخر ہے اور پنجاب سمیت پاکستان کے مختلف علاقوںمیں چین کی سرمایہ کاری سے قائم ہونے والی انڈسٹری دونوں ملکوں کی اقتصادی ترقی میں معاون ثابت ہوگی۔ ملاقات کے دوران چین کے سفیر نے پاکستان کی طرف سے خیر سگالی کے جذبات پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا اور انہیں چین کی طرف سے عوامی خوشحالی اور قومی ترقی کے پروگراموں کے لئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ دریں اثناء شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کودرپیش توانائی کی کمی کے مسئلے سے قومی معیشت سمیت زندگی کے تمام شعبے بری طر ح متاثر ہوئے ہیں۔ تجارتی ومعاشی سرگرمیوں کے فروغ اور قومی معیشت کے استحکام کے لئے توانائی کے بحران پر قابو پانا بے حد ضروری ہے۔ حکومت توانائی کی کمی کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے سنجیدگی سے اقدامات کررہی ہے۔ پنجاب میں توانائی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، جرمن سرمایہ کارو ںکو ان مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز پاکستان میں جرمنی کے سفیر ڈاکٹرسیرل نن سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہبازشریف نے جرمن سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان دوستانہ تعلقات قائم ہیں اور جرمنی پاکستان کا ایک بڑا تجارتی پارٹنر ہے تاہم دونوں ممالک کے مابین تجارتی حجم کو مزید بڑھانے کے لئے موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ جرمنی توانائی سمیت دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھا سکتا ہے۔ وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ پنجاب حکومت بھی کوئلے، ہائیڈل، سولراور دیگر متبادل ذرائع سے توانائی کے حصول کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ پنجاب حکومت قائد اعظم سولر پارک میں 100میگا واٹ سولر پاورکا منصوبہ خود لگا رہی ہے اور سولر پاور پلانٹ سے اسی سال بجلی کا حصول شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ جرمنی کو سولر توانائی میں مہارت حاصل ہے اور ہم جرمنی کے تجربے سے استفادہ کرنے کے خواہاں ہیں۔ جرمنی کے سرمایہ کار پنجاب میں کھلے دل سے سرمایہ کاری کریں، انہیں اور ان کے سرمایے کو مکمل تحفظ فراہم کریں گے۔ جرمن سفیر ڈاکٹرسیرل نن نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور جرمنی کے مابین باہمی تعاون کو فروغ دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ دو طرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دے کر دوستی کے رشتے کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔ دریں اثناء شہبازشریف سے برطانوی شہر مانچسٹر کے لارڈ میئر نعیم الحسن اور سابق لارڈ میئر افضل خان نے گذشتہ روز ملاقات کی۔ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کی تعمیروترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ نعیم الحسن نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کے صوبے کے عوام کے لئے کئے جانے والے فلاحی اقدامات قابل تعریف ہیں۔ میٹروبس پراجیکٹ کی تعریف برطانیہ میں بھی کی جا رہی ہے۔ دریں اثناء شہباز شریف نے سینئر صحافی عقیل احمد کے والد حاجی محمد جمیل کے انتقال پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے۔