لاہور (احسن صدیق) حکومت پنجاب کے صوبائی ٹیکس اکٹھا کرنے والے اداروں کی نااہلی کے باعث 2014-15 کے پہلے 7 ماہ (جولائی سے جنوری) کے دوران ٹیکس وصولی میں 41.64 فیصد کا شارٹ فال سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ کیلئے صوبائی ٹیکس وصولی کا ہدف 96 ارب 6 کروڑ 34 لاکھ روپے مقرر کیا تھا، پنجاب حکومت کے ٹیکس اکٹھا کرنے والے ادارے ہدف کے مقابلے میں اب تک 56 ارب 6 کروڑ 28 لاکھ روپے کا ٹیکس وصول کر سکے جو مقررہ ہدف کے مقابلے میں 40 ارب روپے کم ہے۔ ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ کیلئے مجموعی ٹیکس وصولی کے ہدف میں سے بورڈ آف ریونیو کو 23.21 ارب روپے کا ٹیکس وصولی کا ہدف دیا گیا تھا۔ بورڈ آف ریونیو نے 20.5 ارب روپے کا ٹیکس حاصل کیا جو ہدف کے مقابلے میں 2.74 ارب روپے کم ہے۔ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کو 13.3 ارب روپے کی ٹیکس وصولی کا ہدف دیا گیا تھا مگر 12.2 ارب روپے کی ٹیکس وصولی کی گئی جو ہدف کے مقابلے میں 1.14 ارب روپے کم ہے۔ جی ایس ٹی آن سروسز کی وصولی کیلئے 55.42 ارب روپے کا ہدف تھا جس کے مقابلے میں قریباً 23 ارب روپے کی وصولی ہوئی۔ مقررہ ہدف سے 32.40 ارب روپے کم ہے۔ ٹرانسپورٹ کے لئے 32.08 کروڑ روپے کا ہدف تھا مگر 32.28 کروڑ روپے کی وصولی کی گئی۔ انرجی کیلئے 3.82 ارب روپے کی وصولی کا ہدف تھا جس کے مقابلے میں 10.42 کروڑ روپے کی وصولی ہوئی جو مقررہ ہدف کے مقابلے میں 3.71 ارب روپے کم ہے۔
ٹیکس/ ہدف
پنجاب: ٹیکس وصولی کے ہدف میں 41.64 فیصد کا شارٹ فال
Feb 27, 2015