زرداری‘ شیرپاؤ نے ارب پتی افراد کو ٹکٹ دیکر ہارس ٹریڈنگ کی بنیاد رکھی: حافظ حسین

Feb 27, 2015

اوکاڑہ (آئی این پی) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ دھرنے میں عمران خان  وزیراعظم کو ’’اوئے میاں‘‘ کہہ کر پکارتے تھے، جب وہ خود ریحام کے میاں بنے تو انہوں نے نواز شریف کو میاں صاحب کہنا شروع کر دیا، پی سی بی اور سینٹ الیکشن بھی ’’کسینو‘‘ بن چکے ہیں، کس کس ’’معین‘‘ کو واپس بلایا جائے؟ زرداری اور شیر پاؤ نے ارب پتی افراد کو سینٹ کا ٹکٹ دے کر خود ہارس ٹریڈنگ کی بنیاد رکھ دی، امریکہ اور برطانیہ میں کئی سال بعد آئینی ترمیم ہوتی ہے، پاکستان میں یہ ہر ماہ ہو رہی ہے۔ اوکاڑہ کے صحافیوں سے گفتگو میں  حافظ حسین احمد نے کہا کہ ایک شادی بندے کے کس بل نکال دیتی ہے عمران کی تو یہ دوسری ہے۔ مسلم لیگ ن کے حوالے سے انکا نرم ہونا ’’فطری‘‘ ہے۔ حکمران اس حد تک ایڈہاک پر چل رہے ہیں کہ پہلے بحران پیدا کرتے ہیں پھر اسے آئینی ترمیم سے کے ذریعے حل کرتے ہیں۔ شو آف ہینڈ کے ذریعے سینٹ الیکشن کرانے والے آگاہ رہیں کہ اگر ایک ووٹر نے ایک امیدوار کو ووٹ دینا ہو تو  ایسے ممکن ہے مگر سینٹ الیکشن میں تو ہر امیدوار کو ہر ووٹر نے ترجیحی ووٹ دینا ہے۔ اسلئے یہاں شو آف ہینڈ ممکن نہیں۔ خیبر پی کے میں پیپلز پارٹی کے پانچ ووٹ ہیں جو ایک سینٹر بھی نہیں بنوا سکتے  وہاں تین افراد کو ٹکٹ کیوں دیئے گئے کیا یہ ہارس ٹریڈنگ کا آغاز نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے دوست بنیل گبول خوش قسمت ہیں کہ انہیں پہننے والے کپڑوں میں استعفیٰ دینے کا ایم کیو ایم میں موقع ملا کہیں بوری میں ایسا نہیں ہوا۔ اصل میں گبول نے ایم کیو ایم میں شامل ہوتے ہوئے وہ بستر کھولا ہی نہیں تھا جو گبول نے پیپلز پارٹی سے ’’گول‘‘ کیا تھا۔

مزیدخبریں