کراچی (آئی این پی) جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے فکس اِٹ مہم کے بانی عالمگیر خان کی ڈرائیور سمیت درخواست ضمانت منظور کرلی۔ پولیس نے گزشتہ روز عالمگیر کو ہتھکڑیاں لگا کر جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کلیم اللہ کلہوڑو کی عدالت میں پیش کیا جبکہ شہریوں کی جانب سے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عالمگیر خان نے کہا کہ میں وزیراعلیٰ ہائوس سے چند منٹ کی دوری پر ایک علامتی احتجاج کررہا تھا، میں اکیلا گیا تھا، میرے ساتھ ایک ٹریکٹر کا ڈرائیور تھا اور وہاں ہم نے ایک ڈسٹ بن رکھی۔ اس ڈسٹ بن میں کچرا ڈالا اور پورے شہر سے اپیل کی کہ اس ڈسٹ بین میں کچرا آکر ڈالیں تاکہ سی ایم کو بھی اس شہر کی بدبو سونگھائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں دوبارہ وزیراعلیٰ ہائوس کے سامنے کچرا ڈالنے جائونگا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں 12 ہزار ٹن روزانہ کچرا پیدا ہوتا ہے، اس کچرے سے سیسہ، پلاسٹک، بجلی ، گیس پیدا کی جاسکتی ہے، آپ کچرے کیلئے جگہ دیں، میں کچرا اٹھا تو رہا ہوں مگر میں یہ سمندروں میں نہیں پھینکوں گا۔ آپ بھی جگہ دیں ورنہ میں وزیراعلیٰ ہائوس کے باہر آئونگا۔
کراچی: وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے احتجاجاً کچرا پھینکنے والے فکس اِٹ مہم کے بانی کی ٹرالی ڈرائیور سمیت ضمانت
Feb 27, 2016