ملتان (کرائم رپورٹر) تھانہ لوہاری گیٹ کے علاقہ میں بچوں کو زہر دیکر خود کشی کرنیوالے محمد آصف اور اسکی بیٹی زینب کی نعشوں کا گزشتہ روز پوسٹ مارٹم کروایا گیا جس کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق زہر سے موت واقع ہوئی تاہم نعشوں کے نمونے لیکر تجزیہ کیلئے لیبارٹری بھجوا دیئے گئے ہیں۔ دوسری جانب زہر سے متاثرہ آصف کے بیٹے شامیر اور بیٹی نور فاطمہ کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ہسپتال ذرائع کے مطابق انکی طبیعت مسلسل بہتر ہو رہی ہے اور انہیں جلد ڈسچارج کر دیا جائیگا۔ معلوم ہوا ہے کہ پولیس نے گلاسوں میں بچ جانے والا زہریلا پانی بھی قبضہ میں لے لیا ہے۔ دریں اثنا آصف اور اسکی بیٹی زینب کی نماز جنازہ گزشتہ روز ادا کی گئی۔ واضح رہے آصف نے تین روز قبل ہی بچوں کو زہر دیکر خود کشی کرنے کا منصوبہ بنا رکھا تھا اور گورکن سے 5 قبریں تیار کروا رکھی تھیں۔ گزشتہ روز دو قبروں میں باپ بیٹی کو دفن کر دیا گیا جبکہ دیگر تین قبریں بند کر دی گئیں۔ واقعہ کے باعث گزشتہ روز علاقہ میں سوگ کا سماں تھا۔
ملتان: بچوں کو زہر دیکر خودکشی کرنیوالے باپ نے 5قبریں بنوا رکھی تھیں
Feb 27, 2016