لاہور سمیت مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات، 13 افراد جاں بحق، 12زخمی

Feb 27, 2016

لاہور (سٹاف رپورٹر+ نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی) لاہور سمیت مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات، میاں بیوی، بچی سمیت 13 افراد جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں سرکاری ٹرک کی ٹکر سے2 موٹر سائیکل سوار ہلاک ہو گئے، پولیس نے نعشیں پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانے بھجوا دی ہیں جبکہ ڈرائیور کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا تاہم ڈرائیور کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔ تھانہ شفیق آباد کے علاقہ میٹرو سٹور کے قریب شاہدرہ کا رہائشی 25سالہ ارسلان اپنے دوست کیساتھ جا رہا تھا اسی دوران پیچھے سے آنیوالے ایل ڈبلیو ایم سی کے تیز رفتار ٹرک نے ٹکر مار دی جس سے دونوں موٹرسائیکل سوار شدید زخمی ہو گئے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں دونوں دم توڑ گئے۔ ڈسکہ میں موضع کوٹلی بھٹہ کا محنت کش محمد یعقوب اپنی بیوی رقیہ کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوار ڈسکہ سے سیالکوٹ کی جانب جا رہا تھا جب وہ آڈھا سٹاپ کے قریب پہنچے تو اندھیرے اور تیز رفتاری کے باعث سڑک کنارے پڑے بجری کے ڈھیر سے ٹکرا کر زخمی ہو گئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے دم توڑ گئے۔ جھنگ میں فیصل آباد روڈ پر کار اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم میں شفقت اور سعد جاں بحق ہوگئے۔ علاوہ ازیں اوکاڑہ میں شدید دھند کے باعث کوچ، ٹرک اور بس آپس میں ٹکرا گئیں۔ کمسن بچی، خاتون اور کوچ کا ڈرائیور جاں بحق ، جبکہ 10 افراد شدید زخمی ہو گئے، شدید دھند کے باعث اوکاڑہ سے ساہیوال جانیوالی مسافر کوچ جب اوکاڑہ بائی پاس کے قریب پہنچی تو اس کی تیز رفتاری کے باعث ٹرک سے ٹکر ہو گئی جس سے مسافر کوچ کا ڈرائیور محمد سرفراز، سات سالہ بچی اور ایک خاتون سمیت تین افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ اسی دوران ساہیوال کی طرف جانے والی مسافر بس بھی ٹکرا گئی جس کی وجہ سے 10 مسافر شدید زخمی ہو گئے۔ علاوہ ازیں نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ڈی جی خان میں ٹریفک حادثہ میں چار افراد جاں بحق ہوگئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق تونسہ روڈ پر ٹرک نے کار کو ٹکر مار دی جس سے چار افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔ جاں بحق افراد میں 2 بچے بھی شامل ہیں۔

مزیدخبریں