گجرات/ راولپنڈی (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) عالمی تنظیم اہلسنت کے امیر پیر محمد افضل قادری کو گجرات سے گرفتار کر لیا گیا۔ تنظیم کے قائم مقام امیر علامہ محمد فیروزالدین قادری نے بتایا پولیس انہیں مدرسے سے ڈی آئی جی پولیس کے ساتھ مذاکرات کے بہانے لے کر گئی اور گرفتار کر لیا۔ انہوں نے ان کی علالت کے پیش نظر غیر مشروط طور پر رہا کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ رہا نہ کرنے کی صورت میں لاہور، گجرات سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ گجرات سے نامہ نگار کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ گجرات پولیس نے دل کے عارضہ میں مبتلا پیر محمد افضل قادری کو اہم ایشو پر مشاورت کیلئے بلایا اور حراست میں لے لیا۔ پولیس حکام کے مطابق ان پر پہلے بھی مذہبی تقاریر کرنے، پابندی کے باوجود جلسے جلوس نکالنے کے مقدمات درج ہیں۔ بعض ذرائع کے مطابق انہیں ممتاز قادری کی برسی قریب آنے پر حراست میں لیا گیا ہے۔ تحریک لبیک یارسول اللہﷺکے چیئرمین ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے پیر محمد افضل قادری کی گرفتاری اور مرکز فدایان ختم نبوت اور مرکز صراط مستقیم کے محاصرہ کی شدید مذمت کی ہے۔