اکوڑہ خٹک (این این آئی) افغان مہاجرین کی تیرہ رکنی مرکزی کمیٹی نے اکوڑہ خٹک میں جمعیت علماءاسلام کے سربراہ اور دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق سے ملاقات کی، ملاقات میں کمیٹی کے اہم عہدے داروں نے مہاجرین کے مسائل کے حوالے سے مولانا سمیع الحق کو بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان نے مہاجرین کی خدمت اور حفاظت میں ہمیشہ انصار کا کردار ادا کیا اور سخت سے سخت وقت میں پاکستانی قوم نے ہماری مدد کی۔ وفد نے مولانا سمیع الحق کو یقین دلایا کہ افغان مہاجرین نے کبھی بھی کسی قسم کی دہشت گردی میں حصہ نہیں لیا اور پاکستانی قوم کو عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے دہشت گرد تنظیموں کی طرف سے پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کی بھرپور مذمت کی اور کہا ایسے کارروائیوں کا اسلام اور جہاد سے کوئی تعلق نہیں۔ مولانا سمیع الحق نے وفد کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ وہ اس سلسلہ میں انفرادی اور اجتماعی طور پر ہرممکن قدم اٹھائیں گے، مولانا سمیع الحق نے کہاکہ بڑی طاقتیں بھارت امریکہ اور افغان حکومت پاکستان اور افغان عوام کے درمیان اعتماد اور انصار مدینہ جیسے تعلق کو ہرگز برداشت نہیں کرتے، چند دہشت گردوں کے لئے مہاجرین کو ناکردہ گناہوں کی سزا نہ دی جائے گرفتار افراد کو رہا کیا جائے۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے بھی اپیل کی کہ وہ مہاجرین کو درپیش مسائل حل کرنے پر توجہ دے اور زیرحراست افغان قیدیوں کو فوری رہائی دلائی جائے۔
سمیع الحق
چند دہشتگردوں کیلئے افغان مہاجرین کو سزا نہ دی جائے: سمیع الحق
Feb 27, 2017