کینبرا (بی بی سی) آسٹریلیا اور انڈونیشیا کے رہنماو¿ں نے دو ماہ کے تعطل کے بعد دوبارہ سے فوجی تعلقات بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انڈونیشیا نے آسٹریلیا کے ایک فوجی اڈے پر قابل اعتراض تدریسی مواد پر احتجاج کرتے ہوئے اس کے ساتھ اپنے فوجی تعاون کو معطل کر دیا تھا۔ آسٹریلیا کے وزیر اعظم میلکم ٹرنبل انڈونیشیا کے صدر جوکو ودودو کی موجودگی میں اس کا اعلان سڈنی میں کیا۔ انڈونیشیا کے صدر آسٹریلیا کے اپنے پہلے دورے پر آئے ہوئے ہیں۔ انھوں امید ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کے درمیان آزادانہ تجارت کا معاہدہ بھی اسی برس تک طے پا جائے گا۔ انھوں نے کہا میں نے وزیراعظم سے بعض کلیدی مسائل پر بات چیت کی ہے اس میں سے پہلی بات تجارتی رکاوٹیں دور کرنے سے متعلق ہے۔