اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پیپلزپارٹی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات مصطفیٰ نوازکھوکھر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کا بھنگڑاگروپ پیپلزپارٹی سے خوفزدہ ہوگیا ہے ۔پرویز الہیٰ کی گاڑی کے سامنے بھنگڑے ڈالنے والے اب نوازشریف کے سامنے رقص کر رہے ہیں پھر بھی ان کو وزارت نہیں مل رہی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے جمہوریت کےلئے تاریخی جدوجہد کی ہے۔ پانامہ لیکس میں حکمرانوں کی چوری پکڑی گئی ہے۔ اب چند عناصر اپوزیشن جماعتوں کے خلاف بدزبانی کا مظاہرہ کرکے پانامہ لیکس کی چوری پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے آل پارٹیزکانفرنس اس لئے بلائی ہے کیونکہ حکومت اتفاق رائے پیدا کرنے میں ناکام ہوگئی ہے اور پپیلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے نیشنل ایکشن پلان کی تشکیل کے وقت بھی اہم کردار اداکیا تھا۔ اب بھی پیپلزپارٹی کی اے پی سی میں اتفاق رائے پیدا کیا جائے گا۔
مسلم لیگ (ن)کا بھنگڑا گروپ پی پی سے خوفزدہ ہے‘ مصطفی نواز کھوکھر
Feb 27, 2017