فلم اور کلچر پالیسی کا اعلان، نئے سینماﺅں کی تعمیر کیلئے 80 فیصد ری بیٹ ملے گا

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیرمملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے نئی قومی فلم اور کلچر پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی تہواروں پر ملک بھر میں پاکستانی فلمی دکھائی جائیں گی ،نئے سینماﺅں کی تعمیر کےلئے 80فیصد ری بیٹ دیا جائے گا، فنکاروں کےلئے ہیلتھ کارڈز جاری کئے جائیں گے، فلم بنانے کے آلات پر امپورٹ ڈیوٹی زیرو کردی گئی ہے جبکہ مذکورہ آلات پر سیلز ٹیکس کی ڈیوٹی بھی ختم کردی گئی ہے جس فنانس بل میں شامل کر لیا گیا ہے۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات نے پیر کو قومی آرٹسٹ کنونشن اور سی پیک کلچرل کاروان فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے کلچرل پالیسی کا اعلان کیا۔ فیسٹیول سے پاکستان فلم انڈسٹری کے مایہ ناز فنکاروں شان ، مصطفی قریشی ، زیبا بیگم ، قوی خان ، میرا، لیلیٰ زبیری ، استاد حامد علی خان اور دیگر نے کلچرل پالیسی کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب میں چینی سفیر یاﺅ چنگ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ وزیر مملکت نے کہا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی یہ کوشش تھی کہ پاکستان میں فنکاروں کو ان کا جائز مقام ملنا چاہیے اور ان کے نامکمل کام کو آج مکمل کر رہے ہیں جو فلم پالیسی بھی بنائی گئی ہے اس پر پہلے سے عمل درآمد ہورہا ہے ، ہمارا ملک ایک امن پسند ملک ہے تاہم دہشتگردی نے لوگوں کا سکون برباد کیا ، جمہوریت اور ثقافت کا گہرا تعلق ہے ،ماضی کی حکومتوں میں بھی فلم انڈسٹری کو سپورٹ حاصل نہیں رہی، 35 سال سے جو فلم انڈسٹری کےساتھ ہوا وہ سب کے سامنے ہے، 70ءکی دہائی میں ڈیڑھ سو فلمیں ہر سال بن رہی تھیں ، اس وقت پاکستان کی شناخت انتہائی مثبت تھی ، فنکاروں کو اس ملک میں خاموش کیا گیا ، جن 8 سے9 ممالک نے فلم انڈسٹری میں ترقی کی ہے ان کی فلم پالیسیز کا جائزہ لیا ہے اور ہم نے بھی ایک جامع پالیسی مرتب کی ہے۔سابق وزیراعظم نوازشریف ، سابق وزیر اطلاعات پرویزرشید اور عطاءالحق قاسمی کا ویڑن پالیسی بنانے میں شامل رہا ہے۔مزید برآں اے پی پی کے مطابق فلم، ٹی وی اور ڈرامہ کے معروف فنکاروں، گلوکاروں اور پروڈیوسرز پر مشتمل وفد نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران فلمی صنعت، ٹی وی اور تھیٹر سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے فلمی صنعت کی بحالی اور فنکار برادری کی فلاح و بہبود کیلئے اٹھائے گئے مختلف اقدامات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ فنکاروں کا ثقافت کے فروغ اور عوام کو تفریح فراہم کرنے میں اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعت کی بحالی کیلئے حکومت اپنا تعاون جاری رکھے گی۔ وزیراعظم نے وزارت اطلاعات کو ہدایت کی کہ فلم اینڈ کلچر پالیسی میں فنکاروں کے چارٹر آف ڈیمانڈ کو بھی شامل کیا جائے۔

فلم پالیسی

ای پیپر دی نیشن