سعودی عرب میں اہم تبدیلیاں‘ چیف آف سٹاف سبکدوش‘ فضائیہ کا سربراہ بدل دیا: گورنر الجوف برطرف

Feb 27, 2018

ریاض (نوائے وقت رپورٹ+ اے ایف پی) سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے صوبہ الجوف کے گورنر کو برطرف کر دیا، شاہی فرمان کے مطابق شہزادہ بندر بن سلطان صوبہ الجوف کے نئے گورنر مقرر کر دیئے گئے ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل فہد بن ترکی کو جوائنٹ فورسز کے کمانڈر تعینات کردیا گیا۔ سعودی شاہ سلمان نے ائر فورس کے چیف آف سٹاف اور کمانڈر کو ریٹائر کردیا۔ ڈاکٹر خالد البیراری اسسٹنٹ سیکرٹری ڈیفنس مقرر کر دیئے گئے۔ شہزادہ فیصل بن فہد بن مقرن صوبہ حائل کے ڈپٹی گورنر ہوں گے۔ ڈاکٹر تمیدار الرمرہ نائب وزیر محنت مقرر کر دیئے گئے۔ شاہی فرمان کے مطابق شہزادہ ترکی بن طلال بن عبدالعزیز صوبہ عسیر کے نائب گورنر مقرر کر دیئے گئے۔ شہزادہ سلطان بن احمد اور شہزادہ فیصل بن ترکی مشیر ایوان شاہی مقرر کئے گئے ہیں۔ وزارت دفاع کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی منظوری دیدی گئی۔سعودی عرب کی سول و فوجی انتظامیہ میں نئی تبدیلیاں کردی گئیں۔ سعودی چیف آف سٹاف جنرل عبدالرحمن النیہان سبکدوش کردئیے گئے ان کی جگہ فیاض الرویلی کو لگا دیا گیا۔ فضائیہ کا سربراہ بھی تبدیل کردیا گیا۔ شہزادہ فہد بادشاہ کے مشیر مقرر کردئیے گئے۔

مزیدخبریں