لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ مالی امداد نہیں‘ یونیسیف ہمیں تکنیکی معاونت فراہم کرے۔ پنجاب میں عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی منصوبے اپنے وسائل سے مکمل کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے یونائیٹڈ نیشنز چلڈرن فنڈ کے وفد سے ملاقات میں کہا کہ پنجاب میں ماں بچے کی صحت‘ ویکسینیشن‘ ابتدائی تعلیم اور دیگر شعبوں میں یونیسیف کا تعاون قابل قدر ہے۔ پولیو اور نومولود بچوں کی اموات پر قابو پانے کیلئے پنجاب کے اقدامات کے خاطرخواہ نتائج سامنے آرہے ہیں۔ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں اختراعی منصوبوں کیلئے مالی وسائل فراہم کریں گے۔ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبہ بھر میں دیہات کی صفائی کا منظر پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ صوبہ بھر کے دور دراز علاقوں میں فلٹر کلینکس کے قیام سے عوام کو نہ صرف سہولت حاصل ہوگی بلکہ سرکاری فنڈز کا درست اور بروقت استعمال بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کا کلچر تبدیل ہو رہا ہے۔ لوگ اب علاج کیلئے سرکاری ہسپتالوں کو ترجیح دیتے ہیں۔ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے صوبہ بھر میں ہونہار اور مستحق طلبہ کیلئے اعلیٰ تعلیم کا حصول یقینی بنایا جا رہا ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ یونیسیف پنجاب کی 4 ہزار سے زائد یونین کونسلوں کے سٹاف کو ٹریننگ فراہم کر رہا ہے۔ صاف پانی کی فراہمی کیلئے ابتدائی طورپر 34 واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جا رہے ہیں۔ صوبائی وزیر شیخ علائوالدین سے گفتگو میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے منصوبے شفافیت‘ رفتار اور اعلیٰ معیار کی خود گواہی دے رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور ساڑھے چار برس کے دوران حکومت کے ٹھوس اقدامات کے باعث پاکستان میں کرپشن کنٹرول کرنے کے عالمی درجہ بندی میں بہتری آئی ہے۔ ماضی کے حکمرانوں نے وسائل کو بے دردی سے لوٹا۔ ماضی کے حکمرانوں کی کرپشن‘ لوٹ مار اور غلط پالیسیوں کے باعث عالمی سطح پر پاکستان کا امیج متاثر ہوا۔ ہماری حکومت نے عوام کے خون پسینے کی کمائی کو دیانتداری کے ساتھ فلاح عامہ کے منصوبوں پر خرچ کیا ہے۔ عوام کی بے لوث خدمت ہمارا مشن ہے۔ جب تک جان میں جان ہے‘ عوام کی خدمت کے مشن کو جانفشانی سے پورا کرتے رہیں گے۔ شہبازشریف سے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بنک کے وفد نے ملاقات کی جس میں بنک کے تعاون سے پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا اور ٹرانسپورٹ کے مختلف منصوبوں میں فنی تعاون پر بھی غور ہوا۔ شہبازشریف نے کہا کہ بنک کے فنی تعاون سے چولستان کے صحرا کو سرسبز و شاداب خطے میں بدل دیں گے۔ چولستان کے 6 ملین ایکڑ سے زائد وسیع عریض رقبے کو آبپاشی کے منصوبے کے ذریعے سیراب کیا جائے گا۔ سیلاب کو آبی ذخائر میں محفوظ کرکے کینال کے ذریعے چولستان کو سیراب کیا جائے گا۔ پنجاب کے ترقیاتی منصوبے شفافیت اور معیار میں اپنی مثال آپ ہیں۔
ماضی کے حکمرانوں کی کرپشن سے ملک کا امیج متاثر ہوا: شہباز شریف
Feb 27, 2018