ہالینڈ کے راولنٹ اولمٹ مینز قومی ہاکی ٹیم کے کوچ منتخب

Feb 27, 2018

لاہور ( سپورٹس ڈیسک) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی ہاکی ٹیم کی کوچنگ کے لیے غیر ملکی کوچ کا انتخاب کر لیا ہے۔ ہالینڈ کے راولنٹ اولٹمینز رواں سال تین اہم مقابلوں کے لیے گرین شرٹس کے ساتھ ہوں گے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن اور ڈچ ہاکی کوچ راولنٹ اولٹمینز کے درمیان بات چیت میں مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پی ایچ ایف ذرائع کے مطابق راولنٹ اولٹمینز نے قومی ہاکی ٹیم کی کوچنگ کے لیے رضا مندی ظاہر کر دی ہے۔ انہوں نے ایشین گیمز تک کوچنگ کے فرائض انجام دینے کی حامی بھری ہے، جبکہ پی ایچ ایف پرامید ہے کہ اولٹمینز ورلڈ کپ تک بھی دستیاب ہوں گے۔ڈچ کوچ مارچ کے پہلے ہفتے میں کراچی آئیں گے۔ جہاں کامن ویلتھ گیمز کی تیاری کے لیے کیمپ 28 فروری سے لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پی ایچ ایف نےاس سے پہلے سابق اولمپیئن حسن سردار کو ہیڈ کوچ اور منیجر مقرر کیا تھا مگر دورہ اومان میں بھی اولٹمینز نے ہی کوچنگ کی۔ واضح رہے کہ انٹرنیشنل ایونٹس میں پاکستانی کوچز کی مسلسل ناکامی کے بعد پی ایچ ایف نے قومی ٹیم کے لیے مستقل بنیادوں پر غیر ملکی کوچ رکھنے کا حتمی فیصلہ کیا۔یاد رہے کہ رواں برس پاکستان ہاکی ٹیم کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ گرین شرٹس نے اس سال کامن ویلتھ گیمز سمیت 5 بڑے عالمی ایونٹس میں شرکت کرنا ہے۔ ان ایونٹس میں کامن ویلتھ گیمز، چیمپئنز ٹرافی، ایشین ٹرافی، ایشین گیمز اور ورلڈ کپ شامل ہیں۔ ایشین گیمز ایک طرح سے اولمپک گیمز تک رسائی کا ذریعہ بھی بنے گی۔
ایونٹ کا چیمپیئن ہونے کی صورت میں قومی ٹیم براہ راست میگا ایونٹ کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔

مزیدخبریں