اسلام آباد(آئی این پی )ایف آئی اے نے ایم کیو ایم کے رہنمائوں کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات تیز کردیں ، ایم کیو ایم کے رہنما کنور نوید نے ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز میں تفتیشی ٹیم کو اپنا بیان ریکارڈ کروادیا جبکہ ڈاکٹر فاروق ستار سمیت کئی رہنما طلبی کے نوٹس وصول کرنے کے باوجود ایف آئی اے ٹیم کے سامنے پیش نہیں ہوئے ، ایف آئی اے انسداد دہشت گردی کی تین رکنی ٹیم ایم کیو ایم رہنمائوں کے بیانات ریکارڈ کرنے کیلئے کراچی جائیگی۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے جن رہنمائوں نے خدمت خلق فائونڈیشن کو فنڈز دئیے ہیں انکے خلاف تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے رہنما کنور نوید ایف آئی اے کے انسداد دہشت گردی ونگ کے روبرو پیش ہوئے۔ ایف آئی اے ٹیم نے کنور نوید سے ایم کیو ایم کیلئے فنڈز اکٹھے کرنے کا طریقہ کار اور فنڈز کے ذرائع سے متعلق پوچھ گچھ کی۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے مزیدرہنماؤں سے بھی پوچھ گچھ کی جائیگی۔ اس سلسلے میں ڈاکٹر فاروق ستار کو ایف آئی اے نے 23فروری کو طلب کیا تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے۔ خدمت خلق فاؤنڈیشن کو عطیہ کی گئی رقوم مبینہ طور پر منی لانڈرنگ کے ذریعے لندن بھیجی گئی۔ ایف آئی اے نے 20 سے زائد ایم کیو کے پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلی کے ممبران کو طلب کر رکھا ہے۔ذرائع کے مطابق اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ ایف آئی اے کی تین رکنی ٹیم کراچی جائیگی جو ایم کیو ایم کے مزید رہنمائوں سے پوچھ گچھ کریگی۔