اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) سپورٹس فیڈریشنز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے قائم سینیٹ کی خصوصی کمیٹی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی، پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پاکستان فٹبال فیڈریشن کے حکام کو کمیٹی میں طلب کرنے کے باوجود شرکت نہ کرنے پر انہیں نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا۔ کمیٹی نے یہ معاملہ استحقاق کمیٹی میں لیکر جانے کا فیصلہ کرتے ہوئے احتجاجا اجلاس ملتوی کر دیا۔ کمیٹٰی کے کنوینر اشوک کمار کا کہنا تھا کہ ایسے کیسے ہو سکتا ہے کہ کمیٹی انتظار کرے اور سپورٹس فیڈریشنز کے نمائندے نہ آئیں۔ سینیٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس کمیٹیٰ کے کنوینر اشوک کمار کی صدارت میں شروع ہوا تو وزارت بین الصوبائی رابطہ سمیت کمیٹی اجلا س میں طلب کئے جانیوالے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی، پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پاکستان فٹبال فیڈریشن کے حکام میں سے کسی نے شرکت نہ کی جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ ٹیپو محبت خان ا ور پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اختر نواز گنجیرا نے تاخیر سے سے پہنچنے پر معذرت کی اور موقف اختیار کیا کہ وفاقی وزیر ریاض حسین پیر زادہ مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں مصروف ہیں ، وزارت نے اجلاس موخر کرنے کی درخواست کی تھی۔کمیٹی کے کنوینر اشوک کمار نے وزارت سے بریفنگ لینے کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے اجلاس احتجاج ملتوی کر دیا اور کہاکہ ایسے کیسے ہو سکتا ہے کہ کمیٹی انتظار کرے اور فیڈریشنز کے نمائندے نہ آئیں، معاملے کو استحقاق کمیٹی میں لیکر جائیں گے، اس موقع پر کمیٹی کے رکن سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ سیاسی بنیادوں پر فیڈریشنز کے عہدیداروں کا انتخابات عمل میں لایا جا تا ہے، سپورٹس فیڈریشنز کو لوگوں نے ذاتی جاگیر بنا لیا ہے، کھیلوں کو زوال سے نکالنے کیلئے سٹرکچر تبدیل کرنا ہوگا ۔
سینیٹ کمیٹی اجلاس ، عدم شرکت پرکرکٹ، ہاکی اور فٹبال حکام کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ
Feb 27, 2018