ایم کیو ایم میں کنوینرشپ معاملہ، الیکشن کمیشن نے فاروق ستار سے جواب طلب کرلیا

Feb 27, 2018 | 12:08

ویب ڈیسک

الیکشن کمیشن نے خالد مقبول صدیقی کی درخواست پر پارٹی کے کنوینر شپ کے معاملے پر فاروق ستار سے جواب طلب کرلیا. چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر)سردار محمد رضا نے ایم کیو ایم پاکستان میں کنوینرشپ کے جھگڑے پر رابطہ کمیٹی گروپ کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کی درخواست پر سماعت کی۔اس موقع پر خالد مقبول صدیقی، روف صدیقی، عامر خان اور بیرسٹر فروغ نسیم پیش ہوئے جبکہ پی آئی بی گروپ کی جانب سے کامران ٹیسوری، شیخ صلاح الدین اور ایس اقبال قادری الیکشن کمیشن کے روبرو پیش ہوئے۔رابطہ کمیٹی گروپ کے وکیل بیرسٹر فروغ نسیم نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ فاروق ستار نے نام نہاد انٹرا پارٹی انتخابات کرائے، ہماری درخواست ہے کہ وہ اپنے جواب کی کاپی ہمیں  مہیا کردیں۔پی آئی بی گروپ کے وکیل بابر ستار نے کہا کہ فروغ نسیم آج ہی دلائل دینا شروع ہوگئے ہیں، ہمیں جواب جمع کرانے کے لئے وقت دیا جائے جس پر وکیل فروغ نسیم نے الیکشن کمیشن سے استدعا کی کہ 3 مارچ کو سینیٹ انتخابات ہیں اس لئے کیس جلد نمٹایا جائے۔الیکشن کمیشن نے فاروق ستار سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت  کل یکم مارچ تک ملتوی کردی۔

مزیدخبریں