چوڑیاں نہیں پہن رکھیں، اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے: خواتین رہنما

لاہور (لیڈی رپورٹر) بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، بھارتی طیاروں کی دراندازی کو بین الاقوامی سطح پر اٹھایا جائے، معاملہ اقوام متحدہ سمیت عالمی فورمز میں اٹھایا جائے گا۔ بھارت نے جنگ مسلط کی تو پاکستان نے بھی کوئی چوڑیاں نہیں پہن رکھیں، اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔ دونوں ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز مختلف سیاسی جماعتوں کی خواتین رہنماؤں نے پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے حوالے سے ’’نوائے وقت‘‘ سے گفتگو میں کیا۔ تحریک انصاف کی خواتین رہنماؤں مہناز رفیع، شمسہ علی ایڈووکیٹ اور شعوانہ بشیر نے کہا کہ بھارت نے آج تک پاکستان کو تسلیم نہیں کیا مگر ہم اپنے ملک کا دفاع کرنا جانتے ہیں، بھارتی طیاروں کا ہماری سرحد میں آنے کا کوئی حق نہیں تھا،بھارت ہمیشہ اپنے ایشو سے توجہ ہٹانے کیلئے جنگ مسلط کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ ہم نے بھی کوئی چوڑیاں نہیں پہن رکھی ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی رہنماؤں نزہت عامر اور شائستہ پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان بھارت کے مقابلے میں بڑی ایٹمی اور فضائی قوت ہے،مودی حکومت پانچ سال میں عوام کو ریلیف دینے میں بری طرح ناکام رہی،اب الیکشن کے وقت عوام کی ہمدردیاں حاصل کرنے یہ سب کر رہا ہے۔ مسلم لیگ (ق) کی خدیجہ فاروقی، تمکین آفتاب اور آمنہ الفت نے کہاکہ بھارت مکار دشمن ہے اور روایتی ہٹ دھرمی کامظاہرہ کررہا ہے۔ مودی اپنے الیکشن کی خاطر جنگ کی فضا قائم کرنے سے باز آجائے۔ پیپلز پارٹی کی بیلم حسنین اور ثمینہ گھرکی نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی حکومتوں میں بھارت کی جرات نہیں ہوتی تھی کہ وہ حملہ کرے یا سرحدوں کی خلاف ورزی کرے۔ جماعت اسلامی کی ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی اور ربیعہ طارق نے کہاکہ بھارت کیخلاف عوام فوج اور حکومت ایک پیج پر ہیں۔

ای پیپر دی نیشن