لاہور (سپورٹس رپورٹر) سابق ٹیسٹ کرکٹرز نے بھارت کی جانب سے بالا کوٹ میں فضائی حدود کی خلاف ورزی کو قابل مذمت قرار دیا ہے۔ جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان بڑی جدوجہد سے حاصل کیا ہے۔ بھارت کو پاکستان کا وجود برداشت نہیں ہو رہا ہے۔ رات کے اندھیرے میں حملہ کرنے والے دشمن کو کبھی کامیابی نہیں ملتی ہے۔ بین الاقوامی دنیا کو بھارت کی اس دراندازی کا نوٹس لیتے ہوئے اس کا بائیکاٹ کرنا چاہیے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر اکرم رضا کا کہنا تھا کہ افسوس کہ دشمن نے رات کے اندھیرے میں حملہ کر کے اپنے مذموم عزائم کو پورا کرنے کی کوشش کی۔ پاک فوج کے جوانوں نے بروقت کارروائی کر کے بھارتی طیاروں کو بھاگنے پر مجبور کر دیا۔ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے کہ ہماری مسلح افواج ملک کے چپے چپے کی حفاظت کرنا جانتی ہے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز کا کہنا تھا کہ ایک محب وطن قوم ہونے کے ناطے بھارت کی اس بزدلانہ کارروائی کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ سابق کپتان سلیم ملک کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کو اس بات کا نوٹس لینا چاہیے اور اپنا کوئی نمائندہ موقع پر بھجوا کر اصل حقائق کو دنیا کے سامنے لائے۔ پاکستانی عوام اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔