لاہور (این این آئی+ صباح نیوز+ آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) اپوزیشن جماعتوں نے بھارتی طیاروں کی جانب سے در اندازی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نریندر مودی انتخابات جیتنے کےلئے خطے کا امن خراب نہ کرے، پاکستان کی امن پسندی اور تحمل مزاجی کو کمزوری سمجھنا بھارت کی سنگین غلطی ثابت ہوگی، بھارت نے جنگ شروع کی تو انشاءاللہ نئی دہلی پر پاکستان کا پرچم لہرائے گا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، قوم کا ہر فرد افواج پاکستان کے ساتھ ہے، بھارت نے کوئی حرکت کی تو خمیازہ بھگتنے کے لئے تیار رہے۔ آصف زرداری نے کہا کہ نریندر مودی انتخابات جیتنے کےلئے خطے کا امن خراب نہ کریں۔ بھارت میں بھی مودی کی پالیسیوں کے خلاف آوازیں بلند ہو رہی ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے کہا کہ بھارت نے جنگ شروع کی تو نئی دہلی پر پاکستان کا پرچم لہرائے گا۔ نریندر مودی خاکروبوں کے پاﺅں دھونے سے بڑا اور عظیم کام جنوبی ایشیا کے بےگناہ انسانوں اور غریبوں کو جنگ کی بھٹی میں نہ دھکیل کر کرسکتے ہیں۔ ایک طرف وہ غریبوں کے پاﺅں دھو رہے ہیں تو دوسری طرف بے گناہ نہتے کشمیریوں اور دیگر مسلمانوں کا خون بہا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی قیادت ہوش کے ناخن لے اور جنوبی ایشیا کے امن کو اپنے ہاتھوں سے آگ میں نہ دھکیلے۔ پاکستان کی امن پسندی اور تحمل مزاجی کو کمزوری سمجھنا بھارت کی سنگین غلطی ثابت ہوگی۔ پوری قوم بالخصوص پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ورکر ملک بھر میں مسلح افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کریں۔ ہماری مسلح افواج جذبہ شہادت، پیشہ ورانہ مہارت اور بے مثال جرات و بہادری کا پیکر ہیں، ہمیں اپنے بیٹوں، مادر وطن کے سجیلے جوانوں پر ناز ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ مادر وطن کے تحفظ اور دفاع کی خاطر خون بہانے کے لیے میں محاذ جنگ پر جانے کے لئے تیار ہوں۔ چودھری برادران نے کہا بھارت کے جنگی جنون کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کا وقت آگیا۔ مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری شجاعت نے اپنے بیان میں کہا بھارت نے ہمیشہ پاکستان سے دشمنی کی، مودی اپنا الیکشن جیتنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے، بھارت کے جنگی جنون کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کا وقت آگیا۔ چودھری پرویزالہی نے ردعمل میں کہا رات کے اندھیرے میں چھپ کر حملہ کرنا بزدلوں کا وتیرہ ہے، بھارت نے جنگ شروع کی تو اسے بھاگنے نہیں دینگے، کشمیر بھی آزاد کرائیں گے۔ وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے بھارتی طیاروں کی آزاد کشمیر میں دراندازی کی شدید مزمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر قسم کی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے، بھارت ہمارے صبر کو مت آزمائے۔ مودی اپنے انتخابات کی خاطر خطے کا امن تباہ کرنے پر تلا ہے، جھوٹے اور بے بنیاد پراپیگنڈے سے مودی اپنے عوام کو بے وقوف بنانا بند کرے۔ چئیرمین قائمہ کمیٹی برائے داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے بھارتی ائیرفورس کی خلاف ورزی واضح کرتی ہے کہ پلواما واقع خود مودی سرکار نے کاروایا ہے، پاکستانی افواج کسی بھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، مودی کا جنگ جنون پورے خطے اور عالمی دنیا کی امن و اماں کیلئے انتہائی خطرناک ثابت ہوگا۔ پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ بھارت کوعلم ہوناچاہیے کہ ہماری افواج پوری طرح چوکنا ہیں۔ بھارت میں الیکشن جیتنے کا آسان نسخہ پاکستان کے خلاف طبل بجانا ہے۔ اے این پی سندھ کے صدر شاہی سید نے کہا پاکستانی قوم ہر قسم کی دہشت گردی کا مقابلہ کرنے ک کیلئے متحد ہے، پاکستانی افواج کے حوصلے بلند ہیں ہر قسم کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں ہم سب کو اپنے اختلافات بھلا کر اکٹھا ہونا ہوگا اور وزیراعظم پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں۔ جماعت اسلامی کے امیر سینٹر سراج الحق نے کہا ہے جنگ مسئلہ نہیں ہے اصل مسئلہ کشمیر ہے جب یہ مسئلہ حل ہوگا تو خطے میں امن آئے گا۔ کشمیری قوم آزادی کیلئے متحد ہے بھارت فوج کے مظالم بھی ان کے جذبہ میں کمی نہ لا سکے افغانستان میں فوج سے طالبان کا مسئلہ حل نہیں ہوا اب طالبان کے ساتھ امریکہ مذاکرات کیلئے کوشش کر رہا ہے بھارت کو بھی کشمیر مذاکرات کی میز پر آنا چاہئے۔ منگل کے روز پارلیمنٹ کے باہر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا خطے میں حالات کشیدہ ہیں بھارت نے پاکستان پر بار بار حملے کئے ہیں وہاں انتہا پسندی زیادہ رہی ہے دنیا نے مودی کا جھوٹ تسلیم نہیں کیا۔ بھارت میں مودی کے خلاف احتجاج ہو رہا ہے پلوامہ حملے کے بعد کشمیریوں کو نشانہ بنایا گیا وہاں سکھوں نے کشمیری طلبہ کی حفاظت کی اس پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں رات کو بھارتی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں۔پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی ایئر فورس کی دراندازی کی کوشش اور جنگی جنون کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت میں امن پسند آوازیں بہت کمزور ہیں، عالمی برادری گجرات کے قصائی کو لگام دے۔ پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اقتدار کا بھوکا انتہاپسند بھارتی حکمران ٹولہ پورے خطے کے امن کے لیئے خطرہ بن چکا۔ مودی اپنی ناکامیوں کو چھپانے اور کشمیری عوام کی تحریک سے توجہ ہٹانے کے لیئے ڈرامہ بازی پر اتر آیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اپنی مسلح افواج کے ساتھ ہے، بھارتی جنگی جنونیت کے آگے سینہ سپر ہو کر لڑیں گے۔ بھارت غلط فہمی کا شکار نہ رہے، ہم اس کی جارحیت کے خلاف ہزار سالوں تک لڑنے کا حوصلہ رکھنے والی قوم ہیں۔ بلاول کا یہ بھی کہنا ہے کہ امن کے دشمن کسی صورت انسانیت کے خیرخواہ نہیں ہو سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام اپنی مسلح افواج کے ساتھ ہے۔ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہندوستان کی جانب سے رات کی تاریکی میں ہوائی حملہ بزدلانہ عمل ہے اور باعث شرم بھی ہے مگر دفاعی ادارے ہوائی حملے سے کیوں غافل رہے اور اس کیلئے قومی سلامتی کے اہم معاملے پر اِن کیمرہ اجلاس بلایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں دعاگو ہوں کہ مشکل کی اس گھڑی میں اللہ پاک قوم کو ملک کی سالمیت کی حفاظت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے بھارت کی فضائی جارحیت کے خلاف اپنے بیان مےں کہا ہے کہ بھارت کی بزدلانہ کارروائی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔بھارت کی اس حرکت سے علاقائی سلامتی کو سنگین خطرات کا سامنا ہے۔ مودی کی طرف سے فضائی جارحیت الیکشن حربہ ہے۔ہمیں او آئی سی میں بھارت کے خلاف بڑا محاذ بنانے کی ضرورت ہے۔مسلم لےگ(ن) کے مرکزی رہنما و پنجاب اسمبلی مےں قائد حزب اختلاف حمزہ شہبازنے بھارت کی جانب سے فضائی حملے کی کوشش کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ نریندر مودی جنوبی ایشیا کے امن کو اپنی سیاست کی بھینٹ نہ چڑھائے ،بی جے پی کو بھارت میں سیاسی ناکامی کا سامنا ہے تو نریندر مودی اس کا بدلہ پورے جنوبی ایشیا سے نہ لے۔ سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے ہمیں فوری ردعمل دکھاناچاہیے ، اس سے فائدہ ہوگا۔ منصوبہ بندی کرنی چاہیے کہ ہم بھارت کو کس جگہ پرنشانہ بناسکتے ہیں، پاکستان کوچاہیے اپنے دوست استعمال کرکے ایسی صورتحال کو کاﺅنٹر کرے۔ منگل کو نجی ٹی وی سے گفتگو میں بھارتی جارحیت پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا بھارت طیارے بھیجتا ہے تو یقین ہے پاک فضائیہ منہ توڑجواب دےگی، پاکستان کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیارہے۔امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان اصل مسئلہ کشمیر کا ہے ۔ کشمیری بھارت سے آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔ان کا نعرہ ہے کہ پاکستان ہمارا ہے ۔ او آئی سی مسلمان ممالک کا پلیٹ فارم ہے ۔ او آئی سی کے اجلاس میں اگر بھارتی وزیر خارجہ شریک ہوتی ہے تو ہمیں اجلاس کا بائیکاٹ کرنا چاہیے ۔اگر ہم انڈیا کو او آئی سی کے اجلاس میں شرکت سے نہیں روک سکتے تو عالمی سطح پر کیا کریں گے ۔ حکومت فوری طور پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اور آل پارٹیز کانفرنس بلا کر موجودہ حالات پر وسیع تر مشاورت کرے ۔ سراج الحق نے کہاکہ بھارت پاکستان اور کشمیریوں کے ساتھ مذاکرات کرے ۔ اگر اس نے جنگ مسلط کی تو اس کا نام صفحہ ہستی سے مٹ جائے گا ۔پاکستان کے بائیس کروڑ عوام اپنی فوج کے ساتھ ہیں ۔ بھارت کے اگلے پچھلے تمام حساب بے باک کردیں گے۔