دبئی(نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کے رکن محمد نعمان بٹ نے کہا ہے کہ ہمیں بھارت کی کوئی ضرورت نہیں ہے، ہم نے بھارت کی طرف نہیں دیکھنا بلکہ آگے بڑھنا اور دنیا کا مقابلہ کرنا ہے۔ بھارت کو مسئلہ پاکستان سے ہے، کئی برس گذرے ہم نے بھارت سے کرکٹ نہیں کھیلی، کیا ہماری کرکٹ ختم ہو گئی ہے۔ چیمپئنز ٹرافی جیتی ، ٹیسٹ کرکٹ میں نمبر ون پوزیشن حاصل کی ہے۔کئی نوجوان کرکٹرز عالمی درجہ بندی میں نمایاں ہیں وہ دنیا میں ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ یہ سب کامیابیاں بھارت سے کھیلے بغیر حاصل کی ہیں۔ پاکستان دنیائے کرکٹ کی ایک حقیقت ہے اور کوئی الگ نہیں کر سکتا۔ بھارت نے پاکستان سپر لیگ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے‘ اپنی کمپنیوں کو پی ایس ایل سے الگ کروایا لیکن دشمنان پاکستان دیکھ لیں کہ متحدہ عرب امارات میں پی ایس ایل کے میچز ہو رہے ہیں۔ دنیا کے نامور کرکٹرز اور کمنٹیٹرز لیگ کا حصہ ہیں۔ یہ بھارت کیلئے پاکستان کی طرف سے واضح پیغام ہے۔وہ نوائے وقت کے ساتھ خصوصی گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بھارت کو ڈسکس کرنے کی بھی ضرورت نہیں۔ ہم آگے بڑھ رہے ہیں، ترقی کریں گے بھارت کا کردار ایک شور مچانے والے اداکار کا ہے وہ کرتا رہے، کوئی پرواہ نہیں ۔ گورننگ بورڈ میں گوجرانوالہ میں پاکستان سپر لیگ کے میچز رکھنے کی تجویز پیش کرونگا، ہم گوجرانوالہ سٹیڈیم میں فلڈ لائٹس کا کام بہت جلد مکمل کروا لیں گے۔ ہمارے ریجن میں کرکٹ کا بہت ٹیلنٹ ہے، گوجرانوالہ کے عوام پی ایس ایل میچز کی میزبانی کیلئے بے تاب ہیں۔کوشش ہے کہ آئندہ برس لیگ کے سارے میچز پاکستان میں ہوں، پہلی ترجیح یہی ہے اگر یہ ممکن نہیں ہوتا تو بہت جلد ہم پاکستان میں پی ایس ایل میچوں کی میزبانی کریں گے۔ بھارت کو ہماری فضائیہ نے بھرپور جواب دیا ہے، ہم اپنی افواج کیساتھ کھڑے ہیں، ہمارے لیے سب سے پہلے پاکستان ہے۔ کھیل کے میدان میں پاکستان سپر لیگ کے میچز دنیا کے لیے ایک مثال ہیں، یہ دنیا کی منفرد ٹونٹی ٹونٹی لیگ ہے جو ملک سے باہر ہو رہی ہے۔ شائقین بڑی تعداد میں سٹیڈیم نہیں آ رہے لیکن اس کے باوجود پاکستان سپر لیگ تیزی سے کامیاب ہو رہی ہے۔ یہ دنیائے کرکٹ کا منفرد برانڈ ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ انتظامیہ کو اس برانڈ کی اہمیت کا اندازہ ہے اور سب مل کر اسے مزید بہتر بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔