لاہور (سیف اﷲ سپرا) حکومت پاکستان پوسٹ آفس ملازمین سے امتیازی سلوک ختم کرے اور فوری طور پر ان کے تمام مطالبات پورے کرے ورنہ ملک بھر میں جاری احتجاج کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے اسے ایک تحریک کی شکل دے دی جائے گی۔ وزیر اعظم سے اپیل ہے کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے ملازمین کے مطالبات ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے احکامات جاری کریں۔ ان خیالات کا اظہار نیشنل آرگنائزیشن آف پوسٹل ایمپلائز پاکستان (نوپ) سی بی اے کے سینئر عہدیداروں عامر پاشا بٹ، ملک عاشق اعوان، آصف عارف اور شاہد حسین نے نمائندہ نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کے دوران کیا۔ چیف آرگنائزر پاکستان (نوپ) عامر پاشا بٹ نے کہا کہ 2016 کے بجٹ میں ملک بھر کے سرکاری ملازمین کی اپ گریڈیشن کی گئی جس میں پاکستان پوسٹ آفس کے چند شعبے بھی شامل ہیں لیکن اسی محکمے سے وابستہ آپریشنل سٹاف کویکسر اندازکرتے ہوئے ان کی اپ گریڈیشن نہیں کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان سے اپیل ہے کہ وہ پاکستان پوسٹ کے آپریشنل سٹاف کی اپ گریڈیشن کے ساتھ ساتھ فنانس ڈویژن کو فنڈز جاری کرنے کے احکامات جاری کریں تاکہ ملازمین میں پائی جانے والی بے چینی اور پریشانی ختم ہو سکے۔ سینئر وائس چیئرمین (نوپ) ملک عاشق اعوان نے کہا کہ ملازمین کے مطالبات حل نہ ہونے کی وجہ سے ملک بھر میں احتجاج شروع کر دیا گیا ہے۔ اگر ہمارے تمام مطالبات پورے نہ ہوئے تو بہت جلد لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ سکرٹری سرکل (نوپ) آصف عارف نے کہا کہ مہنگائی نے ملازمین کا جینا دوبھر کردیا ہے لیکن آپریشنل سٹاف کی اپ گریڈیشن ہونے سے انہیں بہت ریلیف مل سکتا ہے۔ فنانس سیکرٹری سرکل شاہد حسین نے کہا کہ ملک بھر میں سٹاف کی کمی سے مشکلات کا سامنا ہے، حکومت اپ گریڈیشن کے ساتھ ساتھ سٹاف کی کمی دور کرنے کے بھی اقدامات کرے۔
پاکستان پوسٹ آپریشنل سٹاف کو اپ گریڈ کروایا جائے‘ نوپ کی وزیراعظم سے اپیل
Feb 27, 2020