لاہور (سٹاف رپورٹر) سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کے واضح احکامات کے باوجود قائم مقام ڈی پی آئی کالجز پنجاب نے 600سے زائد پروفیسرز کی گریڈ 18سے گریڈ19میں ترقیوں کا معاملہ پونے 2 ماہ سے لٹکا رکھا ہے۔ متاثرہ اساتذہ نے دوبارہ عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق 600سے زائد پروفیسرز نے گریڈ18سے گریڈ 19میں ترقی نہ ملنے پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا جس پر عدالت نے سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کو قانون کے مطابق جلد فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نے عدالتی احکامات پر محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی سے رائے طلب کی جس نے بھی ان اساتذہ کو سنیارٹی کے مطابق ترقی دینے کا کہا۔ سیکرری ہائر ایجوکیشن نے ان پروفیسرز کو فوری طور پر سنیارٹی کے مطابق گریڈ 18سے گریڈ 19میں ترقی دینے کے احکامات جاری کر دیئے لیکن پونے 2 ماہ گزرنے کے باوجود قائم مقام ڈی پی آئی کالجز نے ان احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا اور ان اساتذہ کو انتظار کی سولی پر لٹکا رکھا ہے۔ متاثرہ پروفیسرز نے ترقیاں نہ ملنے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے دوبارہ عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کے احکامات کے باوجود 600 پروفیسرز کی ترقی پر عملدرآمد نہ ہو سکا
Feb 27, 2020