سیاسی مخالفین جیلوں میں ڈال کر عمران خود کو محفوظ سمجھتے ہیں: شہباز

Feb 27, 2020

لاہور +اسلام آباد(نیوز رپورٹر+وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بھارت میں مسلمانوں کے قتل عام، مذہبی مقامات کی بے حرمتی کی شدید مذمت کی ہے۔ شہباز شریف نے کہا مودی نے گجرات کی تاریخ دہلی میں دہرائی۔ حکومت پاکستان معاملہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمشن، او آئی سی میں اٹھائے۔ امریکہ کو سوچنا ہوگا کہ وہ تباہ کن ہتھیار جنونی کے ہاتھ میں دے رہا ہے جس کے پاگل پن سے خطہ پہلے ہی خطرے سے دوچار ہے۔ عالمی برادری بھارت کے اندر مسلمانوں کے قتل عام، اقلیتیوں پر جبروتشدد اور مذہبی مقامات کی بیحرمتی کا نوٹس لے۔ ہندوتوا کا خونی کھیل رکوایا جائے۔ جرائم میں ملوث عناصر کو گرفتار کرکے سزا دی جائے۔ بے گناہ شہریوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔ اقوام متحدہ عالمی برادری بنیادی انسانی حقوق اور انسانی جان مذہبی مقامات کے تحفظ کے عالمی قوانین پر عمل کرائے۔ امریکی صدر کو اپنے دورے کے دوران مسلمانوں کے قتل عام اور مذہبی مقامات کی بے حرمتی کی مذمت کرنی چاہئے تھی۔ بھارتی مسلمانوں کے منظم قتل عام سے نازی ہٹلر کے دور کی یاد تازہ ہو گئی۔ مسلمانوں کے قتل عام سے مودی حکومت کا دیگر ممالک کی اقلیتوں سے ہمدردی کا ناٹک پوری طرح بے نقاب ہو گیا۔ جو حکومت اپنے ملک کی اقلیتوں کا تحفظ نہ کر سکے وہ کسی دوسرے ملک کی اقلیتوں کے تحفظ کی بات کس منہ سے کر سکتی ہے۔ دلی میں ہونے والی یہ خونریزی اروندکیجریوال کی حکومت پر سیاہ دھبہ ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے اہل پاکستان سے اپنی والدہ اور پورے خاندان کی طرف سے محمد نواز شریف کی صحت کیلئے دعا کی درخواست کی ہے۔ محمد نوازشریف کی زندگی پاکستانی عوام کی امانت ہے کسی کو خیانت نہیں کرنے دیں گے۔ علاج اولین ترجیح ہے۔ فاشسٹ سوچ کا مالک خوفزدہ عمران خان زندہ رہنے کا بنیادی انسانی و قانونی حق چھین کر نواز شریف کو بستر علاج سے جیل میں قید کرنا چاہتا ہے۔ حسد و انتقام کی آگ میں جلتا اور سہما ہوا وزیراعظم سیاسی مخالفین کو جھوٹے مقدمات میں جیل بھیج کر خود کو محفوظ سمجھتا ہے۔ یہ شخص اپنی سیاہ کاریوں اور چوریوں کے انجام سے ڈر کر شتر مرغ کی طرح ریت میں سر چھپا کر محفوظ ہونا چاہتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا اپنی ذات کیلئے جینے والا خود غرض نہ کسی کو عزت دے سکتا ہے نہ ہی انسانی رشتوں کے تقدس سے آشنا ہے۔ 20 کروڑ پاکستانیوں کی جیب کاٹنے والے ظالم نے غریب عوام کے چولہے بند کرا دیئے ہیں۔ آٹا چوروں کے ساتھ ملکر غریبوں کے منہ سے روٹی کا نوالہ تک چھین لیا گیا ہے۔ کرپٹ اور خوفزدہ شخص نے میرے پاکستان کو دیوالیہ اور کنگال کر دیا۔ کارخانے بند اور دکانوں پر تالے لگوا دیئے۔ ایسے قومی مجرموں کے انجام کی مثالوں سے تاریخ بھری پڑی ہے۔ عمران خان کے غیر قانونی، غیر انسانی اور ذاتی دشمنی پر مبنی اقدامات کے خلاف عدالتوں کا دروازہ کھٹکھٹاتے رہیں گے۔ دریں اثناء شہباز شریف نے حکومت پر زور دیا ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ہنگامی ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات کئے جائیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کرونا وائرس کے معاملے پر ڈینگی، پولیو والا مجرمانہ لا پرواہی والا رویہ دکھا رہی ہے جو خطرناک ہے، پاکستانیوں کی حفاظت کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اشتراک عمل سے حکمت عملی بنائی جائے۔ فوری طور پر چین کی طرز پر ملک بھر میں طبی علاج گاہوں کی تیاری شروع کی جائے جو بوقت ضرورت کام آ سکیں۔

مزیدخبریں