مودی کے متعصبانہ نظریئے کو عمران کی امن سوچ سے شکست کشمیریوں پر مظالم نے عالمی ضمیر جھنجھوڑ دیا: فردوس عاشق

Feb 27, 2020

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مودی کا انتہا پسند متعصبانہ نظریہ عمران خان کی امن کی سوچ سے شکست کھا چکا ہے، صدر ٹرمپ کا بیان پاکستان کو دہشت گردی سے جوڑنے کی مذموم بھارتی کوشش پر کاری ضرب ہے، مودی اسلحے کے انبار اور بارود کے ڈھیر خرید کر بھی عمران خان کی کامیاب سفارتکاری کے سامنے بے بس دکھائی دے رہا ہے۔ معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کشمیریوں پرظلم نے عالمی ضمیر جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے، ٹرمپ کا یہ بیان ثبوت ہے کہ کشمیر ایک مسلمہ عالمی تنازعہ ہے، خون ناحق پر پوری دنیا کا آواز بلند کرنا خوش آئندہے۔عالمی برادری سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ان کا جمہوری و قانونی حق دلوائے، ہندوستان "ہندتوستان" میں تبدیل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی موجودگی میں مسلمانوں پر بہیمانہ تشدد اور قتل عام بھارتی قیادت کی فسطائی و مجرمانہ سوچ کو پوری دنیا پر عیاں کر رہا ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کا دنیا بھر میں پرامن اور رواداری پر مبنی معاشرے کا تاثر ابھر رہا ہے۔5ویں کلاس تک ملک میں پہلی بار یکساں نصاب نافذ کرنے جا رہے ہیں،کھیلوں کو نصاب کا حصہ بنایا جائے گا ، مارشل آرٹس جسمانی مضبوطی اور تندرستی کیلئے ضروری ہے، نوجوانوں کو جسمانی اور ذہنی طور پر مضبوط ہونا چاہیے، وزیراعظم عمران خان خود سپورٹس مین ہیں،کھیلوں کے فروغ میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں، وزیراعظم کھیلوں کے شعبے میں اصلاحات متعارف کرانا چاہتے ہیں، کراٹے جیسے کھیلوں میں لڑکیوں کی شمولیت خوش آئند ہے، پاکستانی بچیاں صلاحیت کے حوالے سے کسی سے پیچھے نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پاکستان سپورٹس بورڈ اسلام آباد میں جاپان کراٹے ایسوسی ایشن آف پاکستان کے زیراہتمام چھٹے جے کے نیشنل کراٹے کیمپ کے عنوان سے ایجوکیشن ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ کراٹے ایسوسی ایشن ملک میں کراٹے کے فروغ اور بہتری کے لئے نہ صرف کام کررہی ہے بلکہ صحتمندانہ معاشرے کی بنیاد رکھنے میں بھی کلیدی کردار ادا کررہی ہے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں جاپانی سفارت خانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن شندو یوسوکی نے کہا کہ پاکستان میں کراٹے کے کھیل میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ کراٹے پاکستان میں دن بدن مقبولیت حاصل کرتا جا رہا ہے۔ کراٹے کا اولمپکس 2020ء میں شامل کرنا بہت ہی خوش آئند ہے۔

مزیدخبریں