لاہور میں صفائی کے انتظامات درست نہیں، اپریل تک 100 نئے سکول بنائیں گے: عثمان بزدار

Feb 27, 2020

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے تاجکستان کے سفیر عصمت اللہ نصر الدین نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطریقہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستان اور تاجکستان میں دوستانہ و تجارتی تعلقات کو مضبوط اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان برادانہ تعلقات موجود ہیں۔ وقت آ گیا ہے کہ دو طرفہ تعلقات کو پائیدار بنیادوں پر فروغ دیا جائے۔ عثمان بزدار سے لاہور اورساہیوال ڈویژن کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے مشترکہ ملاقات کی۔ ملاقات تقریباً 5گھنٹے جاری رہی۔ وزیراعلیٰ کو حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا ارکان نے جاری ترقیاتی منصوبوں، فلاح عامہ کے کاموں اورنئی سکیموں کے بارے میں تجاویز دیں۔ عثمان بزدار ہر رکن اسمبلی کی نشست پر گئے اور ان سے مصافحہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے لاہور میں اپریل تک 100نئے سکولز کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ اڑھائی لاکھ آؤٹ آف سکول بچوں کو ان سکولوں میں داخلہ دیں گے۔ لاہور کے بعد اس پروگرام کا دائرہ کار پنجاب کے دیگرڈویژن تک بڑھایا جائے گا۔ لاہور شہر کیلئے اربوں روپے کی لاگت سے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا جائے گا۔ شہر میں کثیر المنزلہ عمارتیں بنانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ دریائے راوی کنارے نیا شہر بسانے کے مجوزہ منصوبے پر کام ہو رہا ہے۔ ایل ڈی اے کے دائرہ کار کو صرف لاہور شہر تک دوبارہ محدود کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں صفائی کے انتظامات کسی صورت درست نہیں۔ صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔ لاہور ڈویژن میں پینے کے صاف پانی کا مسئلہ حل کیا جائے گا۔ سیوریج کے نظام اور صفائی کی صورتحال کو مزید بہتر بنائیں گے۔ پوسٹ گریجویٹ ڈگری کالج شیخوپورہ کو یونیورسٹی کی ڈگری جاری کرنے کا درجہ دیا جائے گا۔ لاہور کے شہریوںکے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریںگے۔ شادی تقریبات میں ون ڈش اور وقت کی پابندی کی خلاف ورزی برداشت نہیں کروںگا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ قانون سب کیلئے برابر ہے جو بھی قانون میں ہاتھ میں لے اس کے خلاف بلاتفریق ایکشن لیا جائے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پاکپتن میں غلہ منڈی کے قیام میں تاخیر پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے تاخیری حربے استعمال کیے انہیں نتائج بھگتنا ہوںگے۔ وزیراعلیٰ نے عوامی شکایات پر اوکاڑہ کے ہسپتال کے ایم ایس کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکپتن میں بابا فرید شکر گنج ؒ کے مزار کے قریب پناہ گاہ بنائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے عوامی نمائندوں کی نشاندہی پر لاہور کے ہسپتالوں میں ڈائیلسز مشینوں کی تعداد بڑھانے کا حکم بھی دیا۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہاکہ سمن آباد گرلز کالج کی طالبات کے لئے مزید بسیں فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ8ڈویژن کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے مشاورت کا سلسلہ مکمل ہوگیا ہے۔ سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بھارت کے دو جنگی طیارے گرانے کا سال مکمل ہونے پر ’’سرپرائز ڈے‘‘ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حکومت پاکستان 27 فروری کوتاریخی دن کے طور پر منا رہی ہے اور ہم پاک فضائیہ کے شاہینوں کی شجاعت اور بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ 27 فروری کو پاکستان فضائیہ کے شاہینوں نے دو بھارتی جنگی طیارے تباہ کر کے بھارت کا غرور خاک میں ملایا۔ عثمان بزدار نے سفاری پارک میں شیروں کے حملے میں نوجوان کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے رپورٹ طلب کر لی ہے اور واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

مزیدخبریں