کراچی(اسٹاف رپورٹر)امریکی سفیر پال جونز نے فنڈ برائے بحالی تاریخی وثقافتی ورثہ (AFCP) کے تحت کراچی کی خوبصورت تاریخی عمارت نسروانجی بلڈنگ کی بحالی کیلئے ڈیڑھ کروڑ روپے کی گرانٹ کی منظوری دی ہے۔سن 1903 میں قائم کی گئی نسروانجی بلڈنگ کو مسمار ہونے سے بچانے کیلئے 1991 میں انڈس ویلی اسکول کے حالیہ کیمپس کی جگہ پر ایک ایک پتھر کے طور پر منتقل کرکے دوبارہ تعمیر کیاگیا۔امریکی سفیر پال جونز نے اس موقع پر کہا کہ، "AFCP کے تحت طے پانے والی یہ شراکتداری اس بات کا عملی مظاہرہ ہوگی کہ تاریخی اور ثقافتی ورثے کی بحالی کا مقصد صرف دیواریں مضبوط کرنا نہیں ہوتا۔ ثقافتی ورثے کی بحالی سے لوگ اس کے ساتھ اپنا رشتہ مضبوط تر ہوتا ہوا محسوس کرتے ہیں، اس سے معاشی سرگرمی میں اضافہ ہوتا ہے اور آنے والی نسلوں کو اس عظیم ورثے کی معلومات ملتی ہے جس کی بنیادوں میں صدیوں پر محیط برداشت اور اجتماعیت کی روایات ڈلی ہیں۔"پاکستان میں موجود تاریخی و ثقافتی ورثے کی حفاظت و بحالی کیلئے امریکی حکومت سن 2001 سے لیکر اب تک 28 لاکھ ڈالر کی امداد کرچکی ہے جس کی مدد سے گندھارا تہذیب کے آثار قدیمہ سے لیکر مغل دور حکومت کے شاہکار، تاریخی دستاویزات، فنی مہارت کی مثال ہندومت کے مندر اور صوفی درگاہوں کی حفاظت اور بحالی ممکن ہوسکی ہے۔