پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہبازشریف نے کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ باعث افسوس وتشویش ہے۔درپیش صورتحال سے موثر انداز میں نمٹنے عوام کی حفاظت یقینی بنانے کے لئے قومی حکمت عملی بنائی جائے ۔ سوشل میڈیا پر جاری بیان میں شہبازشریف نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان فوری اعلی سطح کا اجلاس بلائیں، چاروں وزرااعلیٰ، وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر اوروزیراعلی گلگت بلتستان کو بھی بلائیں ، مشینیں، آلات اورعلاج معالجے کے لئے درکار ضروری طبی سامان بھی ہنگامی بنیادوں پر منگوایا جائے۔ وزیراعظم کو صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر یہ اقدامات اب تک کرلینے چاہئیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ حکمت عملی مرتب کی جائے ورنہ صورتحال ہاتھ سے نکل جائے گی،بیان بازی پر زوررکھنے کے بجائے اقدامات اور انتظامات پر توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آگاہی کی قومی مہم چلائی جائے تاکہ شہریوں کو صورتحال میں رہنمائی میسرآئے،برادر ملک چین سے کورونا سے نمٹنے کے انتظامات میں پیشہ وارانہ رہنمائی لی جائے۔ ماہرین اور ڈاکٹرز کی ٹاسک فورس بنائی جائے تاکہ قومی پالیسی کی تشکیل ہوسکے۔ا نہوں نے کہا کہ قوم سے دعا کی خصوصی اپیل ہے کہ اللہ تعالی سب کو اس آفت سے محفوظ رکھے۔