عمران خان کی زندگی متاثر کُن ہے: شین واٹسن

سابق آسٹریلوی کھلاڑی شین واٹسن نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات کو ایک حیرت انگیز تجربہ قرار دیا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن میں شرکت کے لئے آئے لیجنڈری کرکٹر سے عمران خان نے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شین واٹسن نے ملاقات کے بعد ایک پیغام شیئر کیا جس میں انہوں نے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔38 سالہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنر شین واٹسن کا کہنا تھا کہ عمران خان ان کے کرکٹ کے ہیرو ہیں۔انہوں نے لکھا کہ کرکٹ ہیرو، عظیم آل راؤنڈر سے ملاقات کرنا اور ان سے گفتگو کا موقع ملنا میرے لئے بہت خاص تھا۔شین واٹسن نے لکھا کہ عمران خان نے کرکٹ کے میدان میں اور باہر ایک متاثر کُن زندگی بسر کی ہے۔انہوں نے لکھا کہ سر ویوین رچرڈز، گریگ چیپل اور عمران خان کے ساتھ گزارے پرانے وقتوں کا سن کر بہت اچھا لگا۔شین واٹسن نے اپنے ٹوئٹ میں ہیش ٹیگ ’Dream‘ کا بھی اضافہ کیا جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ عمران خان سے ملاقات کرنا ان کے خواب کے پورا ہونے کے مترادف ہے۔واضح رہے کہ عمران خان سے ملاقات کرنے والے شین واٹسن اور سر ویوین رچرڈز پی ایس ایل کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹر سے منسلک ہیں جبکہ گریگ چیپل میچ دیکھنے اسلام آباد میں موجود ہیں۔

ای پیپر دی نیشن