کراچی ( نیوز رپورٹر ) مرکز ی جمعیت اہلحدیث عالمی پاکستان کے مرکزی چیئر مین علا مہ طارق محمود یزدانی نے جامع مسجد الصدیق گلستان جوہر میں بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں من حیث القوم سیرت طیبہ کی آگاہی کے لیئے اماں عائشہ ـکے فارمولے پر عمل کرنا ہوگا اماں عائشہ ؓکے دروازے پر کسی نے دستک دی پوچھا کون ہے جواب ملا میں محمد عربیﷺ کا ادنیٰ غلام ہوں میں آپ ﷺ کی سیرت کے بارے میں جاننا چاہتا ہوں اور میں آپکے در اقدس پر اس لیے آیا ہوں کے آپؓ نے کائنات کے امام کو دن کی روشنی میں، رات کے اندھیرے میں ، خلوت و جلوت میں جس طرح دیکھا ہے کسی اور نے نہیں دیکھا ۔ اما ں عائشہؓ نے سوال کرنے والے سوالی سے کہا کہ تم یہاں کیوں آئے ہو بس تم اپنے گھر میں کلام الٰہی قرآن مجید کی تلاوت کر لیتے تو تمہیں قرآن کے اوراق میںمحمد عربی ﷺ کے اخلاق حمیدہ کے تذکرے نظر آجاتے ۔ مولانا طارق محمود یزدانی نے کہا کہ کائنات کے ہر گوشے میں علماء اہلحدیث نے بر ملا اس بات کا اظہار کیا ہے کہ رب تعالیٰ نے قرآن کو صاحب قرآن کے ساتھ جوڑ دیا ہے انہوں نے کہا کہ قرآن میں اللہ تعا لیٰ نے محمد ﷺ ، خلفائے راشدین اور جلیل القدر صحابہ کرام ؓ کا تذکرہ فر ما کر ان کی دین اسلام سے سچی محبت و وا بستگی پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے۔