شام میں امریکی جنگی طیاروں کی ایرانی ٹھکانوں پر بمباری، 17 جنگجو ہلاک

Feb 27, 2021

دمشق+ واشنگٹن (شنہوا+ نیٹ نیوز) شام میں امریکا کے جنگی طیاروں نے ایران کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 17 جنگجو ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ شام کے مشرقی علاقے دیر الزور میں امریکی فضائیہ نے ایران کی حمایت یافتہ ملیشیا کے ٹھکانوں پر بمباری کی، فضائی حملے میں ایران نواز مسلح گروہ کے 17 جنگجو ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق نے امریکی فضائی حملوں میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا کے 17 جنگجوؤں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔ عراق میں امریکی تنصیبات اور سفارت خانے پر حملوں کے جواب میں امریکی صدر جو بائیڈن نے ان حملوں کی اجازت دی تھی۔پینٹا گون نے تصدیق کرتے ہوئے بیان  جاری کیا جس میں کہا گیا کہ فضائی حملوں میں جنگجوؤں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا اور اسلحہ ڈپو تباہ کردیئے گئے۔ شام کی جانب سے امریکی فوج کی کارروائی پر کسی قسم کا تبصرہ سامنے نہیں آیا۔ایران نے بھی تاحال شام میں امریکی حملوں پر ردعمل نہیں دیا ۔

مزیدخبریں