لاہور (نمائندہ سپورٹس) اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایمرجنگ کرکٹر محمد وسیم جونیئر نے کہا ہے کہ پی ایس ایل میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی ٹیم کی نمائندگی کرنا چا ہتا ہوں‘ ان کا اصل ہدف پاکستان کا بہترین آل راؤنڈر بننا ہے۔ اسلام آباد یونایئٹڈ کی نمائندگی سے قبل بہت محنت کی ہے۔، آبائی علاقے ، وزیرستان میں کھیل کے مواقع نہ ہونے کے برابر ہیں اور شروع میں تو انکے والد بھی ان کے کرکٹ کھیلنے پر خوش نہیں تھے پھر چچا کی رہنمائی اور قریبی دوستوں کے تعاون نے آگے بڑھنے میں مدد بہت کی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ورلڈ کپ میں شرکت یادگار تجربہ تھا، وہ ٹورنامنٹ میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کی نمائندگی پر فخر محسوس کرتے ہیں۔سیمی فائنل میںناکامی نے سب کو افسردہ کر دیا تھا۔ مگر اب وقت آگے بڑھ چکا ہے۔ یونائیٹڈ ایک بہترین فرنچائز ہے کہ جہاں حسن علی اور کپتان شاداب خان جیسے ٹی ٹونٹی کے تجربہ کار کھلاڑیوں کاساتھ میسر اور سب کھلاڑی ایک دوسرے کی مکمل رہنمائی کرتے ہیں۔ تمام ایمرجنگ کرکٹرزکی طرح قومی ٹیم کی نمائندگی کرنا چاہتا ہوں۔