لڑکی والوں نے جہیز میں کیا دیا 

لڑکی والوں نے جہیز میں کیا دیا؟ مسز خان نے چائے کے گرم گھونٹ بھرتے ہوئے پوچھا۔۔زیتون بیگم نے ایک نظر نظریں جھکائے بیٹھی اپنی بہو کی طرف دیکھا اور کہنے لگیں۔۔۔ بہت دولت دی،سمجھیں اپنا سارا اکاؤنٹ ہی خالی کر دیا۔۔اس کے ماں باپ نے اپنی جوانی سے بڑھاپے تک کی تمام داستان بس ایک تقریب میں ہمارے نام کر دی۔۔اس کی ماں نے اسکو دودھ پلانے سے لے کر باورچی خانے میں اسکے لئے گرم گرم پراٹھے تلتے تلتے سیک لگتے ہاتھوں کی محنت ہمارے سپرد کر دی۔۔اسکے والد نے پلے گروپ سے لے کر یونیورسٹی تک اس کے تمام سرٹیفیکٹ جمع کرانے اور اسکو امتحانات دلانے کی دوڑ دھوپ ہمارے نام کر دی۔۔اسکے بہن بھائیوں نے شرارت بھرے بچپن کو ایک ڈبے میں بند کیا اور اس کے اوپر لال ربن لگا کر ہماری دہلیز کے باہر رکھ گئے ۔۔۔جب چاہے ماں سے بالوں میں تیل کی مالش کروا لینے ،بابا سے فرمائشیں کر لینے اور بہن بھائیوں سے گپ شپ کر لینے کی لذت کو بھلا کر اسے ہمارے درودیوار کے حوالے کر گئے ۔۔۔ کیا بتاؤں بہن آپ کو کہ ہمیں تو اتنا کچھ مل گیا کہ گھر میں جگہ کم پڑ گئی۔۔تو ہم نے اپنے دل کی دروازے کھول دئیے کہ اتنی محبت صرف دل میں ہی سما سکتی ہے ۔۔یہ مفصل جواب سن کر مسز خان نے اپنی ہیرے کی انگوٹھی جو وہ کافی دیر سے نمایاں کرنا چاہ رہی تھیں اتار کر اپنے بیگ میں رکھ لی۔
=-=-=

ای پیپر دی نیشن