پی ایس ایل: ملتان سلطانز کی پہلی فتح، پشاور زلمی نے بھی اپنا میچ جیت لیا

Feb 27, 2021

لاہور (نمائندہ سپورٹس) پی ایس ایل 6 میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے ہرادیا۔ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں لیگ 6 کے ساتویں میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور کا 158 رنز کا ہدف 16.2 اوورز میں حاصل کرلیا۔ ہدف کے تعاقب میں ملتان کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد رضوان اور کرس لین نے کیا۔ تاہم کرس بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جبکہ ون ڈاؤن  جیمز ونس بھی صرف 5 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ کپتان سلطانز محمد رضوان نے صہیب مقصود کیساتھ 110 رنز کی شراکت بنائی جس کے بعد محمد رضوان 76 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ صہیب مقصود نے 41 گیندوں پر 61 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس کی بدولت ملتان کی ٹیم نے 158 رنز کا ہدف 16.2اوورز میں حاصل کرلیا۔ شاہین شاہ آفریدی نے دو کھلاڑیوں کوآئوٹ کیا۔ اس سے قبل ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو سہیل خان، شاہنواز اور کارلوس بریتھ ویٹ نے پاور پلے میں نپی تلی بائولنگ کی جس کے بدولت لاہور قلندرز دو وکٹ پر 25 رنز بناسکی۔ فخر زمان 9 رنز بنانے کے بعد شاہنواز دھنی کا شکار بنے اور کپتان سہیل اختر کی وکٹ 7 رنز پر کارلوس بریتھ ویٹ کے حصے میں آئی۔ محمد حفیظ نے 60رنز بنائے۔ پی ایس ایل 6 میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے جوئے ڈین لی  31 رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے اور بین ڈنک صرف ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے۔ شاہنواز دھانی اور کارلوس بریتھویٹ نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ محمد رضوان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ جبکہ گزشتہ روز کے دوسرے اور پی ایس ایل کے آٹھویں میچ میں سنسنی خیز مقابلہ کے بعد پشاور زلمی نے پہلا جیسا ہدف عبور کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 3 وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔ کپتان وہاب ریاض اور رتھرفورڈ نے میچ کے آخری اوورز میں جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے پانسہ پلٹ دیا۔ وہاب ریاض 20 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ رتھر فورڈ 36 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پشاور زلمی کی جانب سے دیگر بلے باز امام الحق 41‘ حیدر علی 50 اور شعیب ملک 34  رنز بناکر نمایاں رہے۔ اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو جیت کیلئے 199 رنز کا ٹارٹگ دیا تھا۔ سرفراز احمد نے کیپٹن اننگز کھیلی اور صرف 40 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 12 چوکوں  اور ایک چھکے کی مدد سے 81 رنز بنائے۔ اعظم خان نے 6 گیندوں اور دو چھکوں کی مدد سے 47 جبکہ فاف ڈوپلیسی نے 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 37 رنز بنائے گلیڈی ایٹرز نے مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے۔ پشاور زلمی کے ثاقب محمود  کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 34 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کیں۔  پاکستان سپر لیگ 6میں آج بھی دو میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائیگا۔ میچ مقامی وقت کے مطابق دن دو بجے شروع ہوگا۔ دوسرا میچ اسلام آباد یونائٹیڈ اور پشاور زلمی کے درمیان نیشنل سٹیڈیم میں رات سات بجے شروع ہوگا۔

مزیدخبریں