لاہور (نامہ نگار) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے والٹن ائیرپورٹ پر لاہور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے میگاپراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے لاہور میں ایک اور تاریخ ساز سنگ میل عبور کیا ہے۔ کاروباری سرگرمیوں سے ہی روزگار کی فراہمی کے ساتھ غربت میں بھی کمی ہوتی ہے۔ لاہور کی سماجی، اقتصادی اور ثقافتی تاریخ میں ناقابل فراموش تبدیلی آ رہی ہے اور اس تبدیلی کا آغاز راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ سے کیاگیا۔ لاہور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کا منصوبہ 3 مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔ اس میگا پراجیکٹ میں ہائی رائز بلڈنگز بنیں گی۔ ڈیزائن لاہور کی ثقافت کا آئینہ دار ہوگا۔ لاہور کے تاریخی دروازوں کی طرز پر اس پراجیکٹ کے داخلی و خارجی راستوں کو تعمیر کیا جائے گا۔ یہ منصوبہ ایک گیم چینجر پراجیکٹ ہے۔ روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا ہوں گے۔ غربت میں کمی ہوگی اور ہزاروں گھروں کے چولہے جلیں گے۔ ماضی میں لاہور سمیت بعض شہروں میں ایسے منصوبے شروع کئے گئے جس کا خمیازہ نہ صرف عوام بلکہ حکومت کو ابھی بھی بھگتنا پڑ رہا ہے اوران منصوبوں کو بغیر پلاننگ اور ترجیحات کا تعین کئے بغیر آغاز کیا گیا اور آج ان منصوبوں کی وجہ سے حکومت کے وسائل پر بے پناہ مالی بوجھ پڑا ہے۔ لاہور کے تمام پسماندہ علاقوں خاص طورپر ایسے علاقے جنہیں گزشتہ ادوار میں بری طرح نظرانداز کیا گیا ہے کو دوسرے علاقوں کے برابر لانا چاہتے ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں نکاسی آب کے مسائل کو حل کرنے کیلئے پرانی بوسیدہ سیوریج لائن کو بتدریج بہتر کیا جائیگا۔ علاوہ ازیں عثمان بزدارکی ہدایت پر پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں بلوچ کلچر ڈے کو شایان شان طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ سے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات محمدندیم قریشی نے ملاقات کی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن پھلتی پھولتی معیشت کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے۔ عثمان بزدار نے بھارتی طیارے گرانے کے2 برس مکمل ہونے پر ’’سرپرائز ڈے‘‘ پر پیغام میں کہا ہے کہ 27 فروری 2019ء پاکستان کی دفاعی تاریخ کا روشن باب ہے۔ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے جرات کی نئی تاریخ رقم کی۔عثمان بزدار نے پنجاب سے بلامقابلہ منتخب ہونے پر تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) کے سینٹ امیدواروں کو مبارکباد دی ہے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میںحکومتی اتحاد کے سینیٹرز کا بلامقابلہ منتخب ہونا ہماری کامیاب حکمت عملی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پنجاب میں نوٹوں کے ذریعے ووٹ خریدنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا۔