وزیر اعظم کل قوم سے خطاب کرینگے،مہنگائی پر اعتماد میں لیں گے:اسد عمر


اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے/ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے اسلام آباد میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پیر کو عوام سے خطاب کریں گے۔ عمران خان اگست 2023 ء تک وزیراعظم ہیں۔ اقتدار سنبھالا تو معاشی حالات بہت خراب تھے۔ عمران خان معیشت کی بہتری کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ پی ڈی ایم کا چوری بچانے کے سوا کوئی مطالبہ نہیں۔ میرا مشورہ ہے اپوزیشن لانگ مارچ کیلئے نہ نکلے۔ سابق حکمرانوں نے ذاتی مفاد کی سیاست کی آج پوری دنیا میں پاکستان کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔ عمران خان کے ہوتے پاکستان کے مفاد کا سودا نہیں ہو سکتا۔ وزیراعظم خطاب میں عالمی مہنگائی کے پاکستان پر اثرات سے قوم کو آگاہ کریں گے اور عوام کو اعتماد میں لیں گے۔ اسد عمر نے کہا کہ پی ڈی ایم کا سوائے اپنی چوری بچانے کے لئے اور کوئی مطالبہ نہیں‘ پچھلے جلسے میں کہا تھا پی ڈی ایم والوں کو بہت مار پڑے گی‘ عزت دار انسان کے لئے سب سے بڑی مار ذلت ہوتی ہے۔ پی ڈی ایم والو خدا کا واسطہ ہے تاریخیں دینی چھوڑو‘ 18 اگست 2023 ء تک عمران خان وزیراعظم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان صرف پاکستانی عوام کے لئے کام کر رہے ہیں‘ زندہ قومیں صرف سڑکوں‘ پلوں سے نہیں بلکہ کردار سے بنتی ہیں‘ ہمارے اوپر ایسے حکمران آئے جنہوں نے جائیدادیں بنائیں بیرون ملک خزانے بنائے۔ اسد عمر نے کہا کہ ڈومور کا مطالبہ نئے پاکستان کے سامنے کیا جس کا جواب ایبسلوٹلی ناٹ میں ملا‘ پاکستان سب کے ساتھ اچھے مراسم رکھنا چاہتا ہے۔ جب بھارت پاکستان پر حملہ کرنے جا رہا تھا تو وزیراعظم نے دلیری سے فیصلے کئے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ زرداری صاحب سن لو! تحریک انصاف آپ کے پیچھے سندھ آ رہی ہے۔ پی ڈی ایم سردیوں کی بیماری ہے سردیاں ختم ہونے پر یہ بیماری ختم ہو جاتی ہے۔ اپوزیشن یاد رکھے 2023 ء کے انتخابات میں بھی عمران خان کامیاب ہوں گے اور دوبارہ وزیراعظم بنیں گے اور عمران خان دو بار مسلسل وزیراعظم بننے والے پہلے شخص ہوں گے۔ اسد عمر نے کہا کہ ماسکو سے واپسی وزیراعظم نے فوری طور پر معاشی صورتحال پر اجلاس بلایا اپوزیشن کو عوام کے مفاد سے کیا جن کے پیسے باہر ہوں وہ ملک کیلئے کیسے کام کر سکتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن