جنہیں شوق ہے عدم اعتماد لے آئیں ،عثمان بزدار:اپوزیشن نے کھیل سمجھ رکھا ہے:شیخ رشید


لاہور (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ  شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے عاقبت نااندیش عناصر نے عدم اعتماد کو کھیل سمجھ رکھا ہے۔ یہ لوگ عدم اعتماد کی باتیں صرف اپنا دل بہلانے کیلئے کر رہے ہیں، نازک حالات میں منفی سیاست کرنے والوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں، وزیراعظم کی قیادت میں حکومت مضبوط ہے اور مدت پوری کرے گی۔ لاہور میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کے موقع پر انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، تحریک انصاف ایک منظم جماعت ہے لہذا تمام ہتھکنڈوں کو جواب صحیح سیاسی انداز سے دیا جائے گا۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار گرلز راولپنڈی کیلئے 100 ملین روپے کے فنڈز کے اجراء کا لیٹر دیا۔ شیخ رشید نے فنڈز کے اجراء پر وزیراعلی عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اپوزیشن کی انتشار کی سیاست کی مذمت کی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ سیاست میں منفی رویے ملک کیلئے نقصان دہ ہیں۔ اپوزیشن کو علم ہے کہ حکومت کو نمبر گیم میں سبقت ہے۔ سیاست میں منفی رویے ملک کیلئے نقصان دہ ہیں، اپوزیشن صرف اقتدار کی خاطر سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے، عدم اعتماد کی باتوں میں شکست خوردہ اپوزیشن کی طرح کوئی جان نہیں، جنہیں شوق ہے وہ عدم اعتماد لے آئیں، گھبرانے والے نہیں۔ قبل ازیں عثمان بزدار اور شیخ رشید احمدکی زیرصدارت اجلاس میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کئے اقدامات اور امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں امن عامہ کی فضا برقرار رکھنے کیلئے پنجاب اور وفاق کے درمیان مربوط کوآرڈینیشن پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے ہرممکن اقدام کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ امن عامہ برقرار رکھنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں۔ شیخ رشید احمد نے کہاکہ وفاقی وزارت داخلہ امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے پنجاب حکومت کو سپورٹ کرے گی۔

ای پیپر دی نیشن