اسلام آباد‘ لاہور (نمائندہ خصوصی + کامرس رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) صدر عارف علوی نے گزشتہ روز لاہور میں پاکستان ٹریڈ پورٹل اور ٹورازم سے متعلق ایپلی کیشن ’’میٹ پاکستان‘‘ کا افتتاح کیا۔ تفصیل کے مطابق ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے غیرملکی مندوبین کے اعزاز میں گورنر ہاؤس لاہور میں استقبالیہ دیا جس میں صدر مملکت عارف علوی نے خصوصی شرکت کی۔ صدر مملکت نے پاکستان ٹریڈ پورٹل کا افتتاح کیا جو پاکستان کا پہلا بی ٹو بی میچ میکنگ پورٹل ہے اس کے ساتھ ہی پاکستان کی پہلی آفیشل ٹورازم ایپلی کیشن میٹ پاکستان کا بھی افتتاح کیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ملاقات کی ۔لاہور میںنے والی ملاقات میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، صدر مملکت نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں،خواتین کو بااختیار بنانے اور خصوصی افراد کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اداروں کی مضبوطی، شفافیت اور میرٹ حکومت کی اولین ترجیح ہے پاکستان کو مضبوط، خوشحال اور پرامن بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ دریں اثناء صدر عارف علوی کی زیرصدارت کاشتکاروں کے مسائل کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی فخر امام اور وزیر خوراک پنجاب نے شرکت کی۔ کسانوں نے مختلف فصلوں کی لاگت، سبسڈی اور امدادی قیمت سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ زرعی پیداوار بڑھانے کیلئے کاشتکاری کو جدید تکنیک اپنانے کی ضرورت ہے۔ حکومت کسانوں کی ترقی پر توجہ دے رہی ہے۔
صدر سے گورنر پنجاب کی ملاقات،ملکی خوشحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے:عارف علوی
Feb 27, 2022